سینٹ اجلاس :دستور ترمیمی بل 2021 پیش، اختیارات بڑھانے کا مطالبہ

Apr 05, 2021 | 13:59:PM

(24 نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے دستور ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کردیا۔ن لیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ  نے مطالبہ کیا کہ ایوان میں ہمارے ممبران کو الگ نشستیں دی جائیں۔

تفصیلات کےمطابق سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس کا آغاز ہوا جس میں الیکشن کے دوران خفیہ کیمروں کا معاملہ زیر بحث آیا۔  چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان میں خفیہ کیمروں کی فرانزک تحقیقات کرائیں گے۔ اس موقع پر  مسلم لیگ ن کےسینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے 27 سینیٹرز آزاد اپوزیشن ہیں، ہمارے ممبران کو الگ نشستیں دی جائیں، ہم آزاد اپوزیشن کے طور پر تعمیری سیاست کو جاری رکھیں گے۔اعظم نذیر کی تقریر کے دوران سینیٹر دلاور خان سمیت دیگر سینیٹرز نے شور شرابا کیا۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی نے بھی سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایوان میں خفیہ کیمرے لگنے کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔اجلاس کے دوران سینیٹر رضا ربانی نے دستور ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کردیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دو ایوانوں کے درمیان اختیارات کی بات ہوتی ہے، قومی اسمبلی کے مقابلے میں سینیٹ کے اختیارات کم ہیں، ایوانوں کے اختیارات برابر ہونے چاہئیں۔رضا ربانی نے بل میں سینیٹ کے اختیارات بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 57,62,72,73,86,89,126,159،160، 162 اور 166 میں ترمیم کی جائے، صوبے کے وزیراعلیٰ کو سینیٹ میں بولنے کا اختیار دیا جائے، سینیٹر متعلقہ علاقے سے ہو تو ووٹ منتقل کروا کر دوسرے علاقے سے نہ آئے۔ چیئرمین سنجرانی نے بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: آسٹریلیا، پاکستان اور نیوزی لینڈ کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا،معین علی 
 

مزیدخبریں