ایشیا کپ 2023اے سپر 4 مرحلے کے میچز کیلئے وینیو تبدیل کرنے پر غور

Sep 04, 2023 | 12:07:PM
ایشیا کپ 2023اے سپر 4 مرحلے کے میچز کیلئے وینیو تبدیل کرنے پر غور
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سپورٹ ڈیسک )سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کے بعد  کولمبو میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے میچ خطرے میں پڑ گئے،ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ’ایشیا کپ 2023‘ کے سپر 4 مرحلے کے میچز کیلئے وینیو تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کرکٹ کے اہم ایونٹ ’ایشیا کپ 2023‘ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو کولمبو میں موسم کی خراب صورتحال کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اے سی سی ایشیا کپ کے میچوں کو پالی کیلے اور دمبولامنتقل  کرنے کے آپشن پر غور کر رہی ہے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دمبولا شہر کے ہوٹل سے متعلق بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ دمبولا کے ہوٹل معیاری نہیں ہیں۔

ضرورپڑھیں:شاہین آفریدی نے ڈی ویلیئرز کو غلط ثابت کر دیا

 کولمبو میں سپر فور مرحلے کا پہلا میچ 9 ستمبر کو ہونا ہے لیکن ایشین کرکٹ کونسل خراب موسم کی پیشگوائی کے باعث تشویش کا اظہار کر رہی ہے، تاہم آج پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت کا ٹاکرا نیپال سے ہوگا۔

دوسری جانب ایشیا کپ کے 2 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور توقع ہے کہ اے سی سی اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں میچ کے وینیو کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔

سری لنکا میں برسات کے موسم میں ایشیا کپ کو شیڈول کرنے کے فیصلے پر اے سی سی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔بارش کے باعث 2 ستمبر کو پالی کیلے میں ہونے والا پاک بھارت میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ پر شدید تنقید کی جا رہی تھی

اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان اور بھارت کا انتہائی اہم میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ بارش نے کھیل کے بہترین مقابلے کو برباد کردیا لیکن بارش کی پہلے سے پیش گوئی کی جا چکی تھی۔

نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بطور پی سی بی چیئرمین میں نے ایشین کرکٹ کونسل پر زور دیا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں میچز کھیلنے چاہئیں، لیکن سری لنکا کو ایونٹ دینے کے لیے مختلف بہانے بنائےگئے اور کہا گیا کہ دبئی میں بہت گرمی ہوتی ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا سفر نہ کرنے کے فیصلے کے بعد ایشیا کپ کے میچز کی میزبانی پاکستان اور سری لنکا کررہے ہیں۔

نجم سیٹھی کی طرف سے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کو اپنایا گیا تھا، جس میں ایشیا کپ 2023 کے 4 میچز پاکستان میں اور باقی میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم اس فیصلے کے بعد سری لنکا میں خراب موسم کی وجہ سے میچز میں رکاوٹ اہم مسئلہ بن گیا ہے جس کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور ایشین کرکٹ کونسل(اے سی سی) کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔