ہم پورے پاکستان سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور جیتنے کیلئے لڑ رہے ہیں،بلاول بھٹو

Jan 04, 2024 | 19:42:PM
ہم پورے پاکستان سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور جیتنے کیلئے لڑ رہے ہیں،بلاول بھٹو
کیپشن: بلاول بھٹو زرداری ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے سابق رہنما اور صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور میو نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی،بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ چودھری عبدالغفور میو کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں،این اے 125 سے پیپلز پارٹی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی،تمام سیاسی قوتوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم پورے پاکستان سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور جیتنے کےلئے لڑ رہے ہیں،بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لینا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مدنی فارم ہاؤس جاتی عمرہ پہنچے ،جہاںچودھری عبدالغفور میو نے باقاعدہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا،اس موقع پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل ، رانا جمیل منج، سونیا خان، ایڈون سہوترا، شاہدہ جبیں، عائشہ غوری، احمد جواد رانا، امجد جٹ، رانا دلشاد، ندیم ملک، فائزہ ملک، حافظ غلام محی الدین، حاجی عزیز الرحمن چن، نایاب جان، عائشہ چودھری، رانا افضل، سید حسن رضا، عمران اٹھوال، خلیل کامران، عاطف رفیق چودھری، عدنان گورسی سمیت جیالوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی،سید علی قاسم گیلانی، ذوالفقار علی بدر بھی موجودتھے۔
چودھری عبدالغفور میونے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمارے علاقے میں بلاول بھٹو زرداری کی شکل میں شہید ذوالفقار علی بھٹو آئے ہیں،بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بےنظیر بھٹو کا نا مکمل ایجنڈا مکمل کریں گے،آج ایٹم بم کے اصل وارث آپکے درمیان ہیں،سابق صوبائی وزیر کاکہناتھاکہ قائد اعظم کے بعد اس ملک میں اگر کوئی لیڈر تھا تو وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بنے اور پھر شہید بے نظیر بھٹو،جب میں جیل کا وزیر تھا تو میں نے جیل میں وہ کوٹھری جہاں شہید ذوالفقار علی بھٹو قید تھے تو لائبریری بنانے کے احکامات جاری کئے،بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی آخری امید ہے،پاکستانیوں اس امید کو نہ توڑنے دینا،عبدالغفور میو آبدیدہ ہو گئے۔
عبدالغفور میو نے کہاکہ یہ سازشیں اب نہیں چلیں گی،اب ان سازشوں کو ختم کرنا ہے،وعدہ کرو کہ این اے 127 سے بلاول بھٹو زرداری کو بھرپور طریقے سے کامیاب کریں گے اور وزیر اعظم بنائیں گے،جمیل منج اور رانا صفدر دلشاد کے ساتھ این اے 125 جیت کر محترمہ کی قبر پر حاضری دینے جائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چودھری عبدالغفور میو کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں،اب این اے 125 سے پیپلز پارٹی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی،تمام سیاسی قوتوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم پورے پاکستان سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور جیتنے کےلئے لڑ رہے ہیں،بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لینا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بےنظیر بھٹو نے عوام سے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا، میں بھی جو بات کروں گا وہ پوری کروں گا،ہم نفرت ، تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہیں، ہم نے منشور پر الیکشن لڑنا ہے،قائد عوام اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جو وعدے عوام سے کئے وہ پورے کئے ہیں،آپ نے ہمارے دس نکاتی منشور کو رائیونڈ کی عوام تک پہنچانا ہے، ہمارا منشور ہے کہ لوگوں کی تنخواہوں اور آمدن کو ڈبل کریں گے،پیپلز پارٹی غریب خاندانوں کو تین سو یونٹ بجلی مفت دے گی،پیپلزپارٹی نوجوانوں کو مفت تعلیم دلوائے گی،ہم ہر شہری کو مفت اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم نے سندھ کے ہر اضلاع میں مفت علاج کیلئے ہسپتال کھڑے کئے ہیں، رائیونڈ میں نون لیگ نے عوام کو صحت کی سہولیات کیلئے کوئی ہسپتال نہیں بنایا،نواز شریف کو آٹھ فروری کو دل میں تکلیف ہونے ہی ہے،پیپلزپارٹی اس تکلیف کو دور کرنے کیلئے رائیونڈ میں ہسپتال بنائے گی۔ان کاکہناتھا کہ میں سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے بیس لاکھ گھر بنا رہا ہوں، ان گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیئے جائیں گے، چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت بنی تو 30 لاکھ گھر بنا کر ان کو گھروں کے مالکانہ حقوق دیں گے،کچی آبادیوں کے مکینوں کو بھی حکومت میں آنے کے بعد مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ کے فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے گا،مزدوروں کیلئے پیپلزپارٹی مزدور کارڈ لےکر آئےگی جس کے ذریعے انہیں تمام سہولیات دی جائیں گی،کسانوں کو بھی پیپلز پارٹی حکومت میں آنے کے بعد کسان کارڈ دیا جائے گا،پیپلزپارٹی حکومت میں آنے کے بعد بیروزگار نوجوانوں کو ہر صورت روزگار کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: روپے کا ڈالر کو رگڑا، اوپن مارکیٹ میں دیگر کرنسیوں نے پچھاڑ دیا
بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی نوجوانوں کو نوکری کی تلاش کیلئے مالی معاونت بھی فراہم کرے گی، نوجوانوں کو اسکالرشپس اور بلاسود قرض دیئے جائیں گے، پیپلزپارٹی یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرے گی، ہم نے پہلے بھی ڈلیور کیا ہے، دوبارہ بھی کریں گے، میری پیپلزپارٹی کے ورکرز سے درخواست ہے کہ پارٹی منشور کو گھر گھر پہنچائیں،ہماری پارٹی کا مقابلہ کسی جماعت سے نہیں ہے، ہمارا مقابلہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے چودھری عبدالغفور میو کو پارٹی مفلر پہنایا،چودھری عبدالغفور میو نے بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب کا روایتی کلا پہنایا اور تلوار پیش کی۔