سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا فیصلہ 5 منٹ کی سماعت میں ختم کردیا

Apr 04, 2023 | 15:42:PM
سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا فیصلہ 5 منٹ کی سماعت میں ختم کردیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سپریم کورٹ نے  جسٹس قاضی فائز عیسٰی  کا فیصلہ 5 منٹ کی سماعت میں ختم کردیا،میڈیکل طلبہ کو حافظ قرآن ہونے پر 20 اضافی نمبر دینے کا ازخود نوٹس کیس میں جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے3 رکنی بینچ کے فیصلے کے بعد چھ رکنی بینچ نے کیس بند کر دیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے پر کیس کی سماعت 6 رکنی بینچ نے  جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں کی،بینچ کے دیگر ججوں میں جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں،کیس کی سماعت 5 منٹ سے بھی کم وقت جاری رہی، 6 رکنی لارجر بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے پر غور کیا۔

سربراہ بینچ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ ازخود نوٹس بند کیا جاتا ہے،لارجر بینچ نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے انٹیرم آرڈر جاری کیا تھا، ازخود نوٹس اور اس کے دیگر اثرات پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں :پنجاب ،خیبرپختونخوا میں انتخابات ،الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار

پی ایم ڈی سی کے وکیل افنان کنڈی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 20 اضافی نمبر 2018ء تک رولز کے تحت دیے جاتے تھے،2021ء میں نئے رولز بنے اور اضافی نمبرز ختم ہو گئے، 20 اضافی نمبرز کا معاملہ عملی طور پر ختم ہو چکا ہے۔

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ازخود نوٹس 2022ء میں لیا گیا تھا، 2021ء کے رولز کے بعد ازخود نوٹس ویسے ہی غیر مؤثر ہو گیا۔

یادرہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تمام ازخود نوٹسز پر کارروائی روکنے کا فیصلہ دیا تھا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلے میں حافظ قرآن کو اضافی نمبر دینے پر بینچ بنانے پر اعتراض کیا تھا۔