تیز بارش ،ژالہ باری،بادل کہاں کہاں برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

Mar 03, 2024 | 10:48:AM
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اور میدانی علاقوں میں شدید سرد، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(فاطمہ عارف) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اور میدانی علاقوں میں شدید سرد، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) نے ملک میں شدید بارشوں کے ایک اور اسپیل کی وارننگ جاری کر دی۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 5 سے 7 مارچ تک خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور  پنجاب کے بالائی علاقوں کے اس اسپیل سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اسپیل کے تحت بالائی اور وسطی پنجاب میں آندھی اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج خیبر پختونخوا، کشمیر، مری، گلیات، راولپنڈی، اسلام آباد میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ راولپنڈی کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، حالیہ بارشوں کے بعد موسم غیر معمولی طور پر سرد ہوگیا ہے۔

شہر لاہور میں سرد ہواؤں کا راج، جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔ ماہرین کی جانب سے آئندہ ہفتے بارشوں کا ایک اور سپیل شہر میں داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بارش کے باعث فضائی آلودگی میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور 13ویں نمبر پر آ گیا۔ شہر میں ائیر کوالٹی انڈکس کی مجموعی شرح 107 ریکارڈ، فیز 8 ڈی ایچ اے 154، شاہراہ قائداعظم پر آلودگی کی شرح 176ریکارڈ، سی ای آرایف آفس 164، فدا حسین ہاؤس روڈپر شرح 134 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی میں بھی سردی جاتے جاتے پلٹ کر آگئی، شہریوں نے گرم کپڑے نکال لیے۔ شہر قائد میں چند روز تک کوئٹہ کی ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں گی۔ مضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں غیر موسمی سردی کی یہ لہر مختصر دورانیے کی ہے۔ مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی سے نکل چکا ہے، کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کا غزہ میں 6 ہفتے کی جنگ بندی پر اتفاق

دوسری جانب مری میں 2 روز سے جاری بارش کے بعد برفباری، چلاس اور گردونواح میں بارش اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہیں، شاہراہ قراقرم کی بندش سے گلگت بلتستان کا دیگر شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ برفباری کی وجہ سے سیکڑوں گاڑیاں مختلف مقامات پر پھنس گئیں۔ پاک پتن اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ ادھر سماہنی آزاد کشمیر میں برساتی نالے میں کار بہہ گئی جبکہ خاتون کی لاش نکال لی گئی اور 4 افراد کو بچالیا گیا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں 48 گھنٹوں میں شدید بارشیں اور بعض مقامات پر آندھی کا امکان ہے، 5 سے 7 مارچ تک خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے بالائی علاقے متاثر ہونے کا امکان ہے۔