اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے آخری حد تک جائینگے، مرادسعید

Jul 03, 2021 | 18:00:PM
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے آخری حد تک جائینگے، مرادسعید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کیا،ہم نے قومی اسمبلی میں اس حوالے سے بل منظور کرایا،اپوزیشن کہتی ہے اوورسیز پاکستانیوں کو کیا پتہ پاکستان کے کیا مسائل ہیں ،ہم آخری حد تک اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق میں کوشش کریں گے۔
آزادکشمیر ڈڈیال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہاکہ عوام نے الیکشن سے پہلے ہی عمران خان کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ،ان کاکہناتھا کہ ہم نے وہ مناظر بھی دیکھے جب مودی کو اپنی نواسی کی شادی پر گھر بلایا جاتا رہا،بھارت گئے تو حریت رہنماﺅں سے نہیں ،بھارتی بزنس مینوں سے ملاقاتیں کیں ، انہوں نے جندال کو اپنے گھر میں دوست کے طور پر بلایا۔
وزیر مواصلات نے کہاکہ عمران خان نے کشمیر کا سفیر بننے کا اعلان کیا،عمران خان جہاں بھی گئے کشمیر کے سفیر بن کر گئے۔
مراد سعید نے کہاکہ وہ زمانہ گیا جب ایک فون کال پرڈومور کے مطالبے ہوا کرتے تھے،آج قوم کو خوددار اورغیرت مند لیڈر ملا ہے ،ساری قوم دنیا میں سر اٹھا کر جی رہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ میں نے سنا ہے کوئی پرچی لہرا کر ڈڈیال میں پہنچاتھا،آزادکشمیر کو بدلنے کی بات وہ کررہا تھا جس نے شہر قائد کو کچرے کاڈھیر بنا دیا،2023 میں سندھ میں حکومت قائم کرکے سندھ کو بھی بدلیں گے،ان کاکہناتھا کہ یہ وہی ہیں جو کہتے تھے کلو انڈے اور درجن آلو، ان کا عوام سے اتنا ہی رشتہ ہے جتنا انڈوں کو کلو اور آلوﺅں کا درجن سے ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: طلبا کیلئے اہم خبر، فرسٹ ائیر کے امتحانات ملتوی