قومی اسمبلی؛ پیپلزپارٹی کے غلام مصطفی 197 ووٹ لیکر ڈپٹی سپیکر منتخب

Mar 01, 2024 | 18:26:PM
قومی اسمبلی؛ پیپلزپارٹی کے غلام مصطفی 197 ووٹ لیکر ڈپٹی سپیکر منتخب
کیپشن: غلام مصطفی شاہ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی)پیپلزپارٹی کے غلام مصطفی شاہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے، سپیکر سردار ایاز صادق نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر کے انتخاب کے بعد سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہواجس میں ڈپٹی سپیکر کیلئے پیپلزپارٹی کے غلام مصطفی شاہ اور سنی اتحاد کونسل کے جنید اکبر کے درمیان مقابلہ ہوا۔
ڈپٹی سپیکر انتخاب کیلئے کل 290ووٹ کاسٹ کئے گئے،غلام مصطفی شاہ 197 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل جنید اکبر کو 92 ووٹ ملے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سید غلام مصطفی شاہ کو مبارکباد دی اور ان سے عہدے کا حلف لیا،ڈپٹی سپیکر نے چیئر سنبھال لی۔

نومنتخب ڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام اراکین، اپنے قائد کا شکریہ ادا کرتا ہوں،جنید اکبر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے انتخاب میں حصہ لیا،اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں،نومنتخب ڈپٹی سپیکر کا کہناتھا کہ اپنے حلقے سمیت تمام پاکستان کو یقین دلاتا ہوں کہ میں آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔

یاد رہے کہ  ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ پانچویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں ،غلام مصطفیٰ شاہ 2002، 2008، 2013، 2018 اور اب 2024 میں مسلسل رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ سپیکر کے انتخاب میں ایاز صادق کو 199 ووٹ پڑے تھے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے عامر ڈوگر کو 91ووٹ ملے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خراب موسم ؛تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان