پنجاب میں طوفان اور بارشوں نے تباہی مچا دی،11 افراد جاں بحق

Jun 01, 2021 | 00:32:AM
پنجاب میں طوفان اور بارشوں نے تباہی مچا دی،11 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پنجاب میں طوفان اور بارشوں سے تباہی مچ گئی، مختلف علاقوں میں حادثات سے 11 افراد جان کی بازی ہار گئے، اوکاڑہ میں آٹھ، حویلی لکھا میں 2 جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں شدید آندھی کے باعث گھر کی چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ بستی طارق آباد میں پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبے کو ہٹانے کا کام شروع کیا۔ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ اس افسوسناک حادثے کی وجہ سے پورے علاقے کی فضا سوگوار ہے۔
حویلی لکھا کی نواحی بستی مولیا چشتی میں شدید آندھی اور طوفانی بارش کی وجہ سے دیوار گر گئی جس سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ مرحوم کا نام ناصر بتایا جا رہا ہے جس کی عمر 30 سال کے لگ بھگ اور چک نمبر 482 ج ب کا رہائشی تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ شخص کھیت میں پانی لگا رہا تھا کہ اس پر آسمانی بجلی گر گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آندھی اور بارش کی وجہ سے مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ انہوں نے حادثات میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق اپنا فیصلہ سنا دیا

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - پنجاب
ٹیگز: