دہشتگردوں سے کب تک ڈریں گے؟ جسٹس فائز عیسیٰ

Feb 01, 2023 | 12:25:PM
پشاور خودکش حملے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اہم ریمارکس دیے ہیں
کیپشن: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) پشاور خودکش حملے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اہم ریمارکس دیے ہیں۔

 جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس ایک کیس کی سماعت کے دوران دیئے، جس میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کیوں کیے جا رہے ہیں؟۔

عدالت عظمیٰ کے جج نے ریمارکس دیئے کہ دہشتگردوں سے کب تک ڈریں گے ؟ کہا جاتا ہے کہ دہشتگردوں کو یہ دو وہ دو اور کبھی کہا جاتا ہے دہشت گردوں سے مذاکرات کرو، اس دوران ریاست کہاں ہے؟۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ آج دہشت گرد دو بندے ماریں گے کل کو پانچ مار دیں گے، پتہ نہیں ہم کس معاشرے میں رہ رہے ہیں۔ ایک جج نے دہشتگردی کے واقعے پر رپورٹ دی لیکن اس کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ لمبی داڑھی رکھنے سے بندہ مسلمان یا اچھا انسان نہیں بن جاتا، ہمارے ایک جج کو مار دیا گیا کسی کو پرواہ ہی نہیں۔

واضح رہے کہ پشاور پولیس لائنز کی مسجد کے اندر خود کش دھماکے میں اب تک امام مسجد اور اہلکاروں سمیت 101 افراد شہید ہوچکے ہیں۔ دھماکا عین نمازِ ظہر کے وقت ہوا جہاں حملہ آور پہلی صف میں موجود تھا۔