ناقابل فراموش ایڈونچر، رونالڈو کی سعودی کلب النصر میں شمولیت

شمروز خان

Dec 31, 2022 | 12:09:PM
ناقابل فراموش ایڈونچر، رونالڈو کی سعودی کلب النصر میں شمولیت
کیپشن: کرسٹیانو رونالڈو نے النصر کیساتھ 2025ء تک کا معاہدہ طے کیا ہے۔
سورس: النصر ٹویٹر اکاؤنٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 حالیہ برسوں اور مہینوں کے دوران سعودی عرب میں فٹ بال کی متعدد بڑی خبریں آئیں مگر اس جیسی کوئی نہ تھی کہ کرسٹیانو رونالڈو سعودی کلب النصر سے کھیلنے کا معاہدہ کر رہے ہیں۔
قطر میں فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے خلاف سعودی عرب کی جیت یقینی طور پر قوم کے لیے بہت اہم اور ناقابل فراموش لمحہ تھا لیکن جب بات مقامی کلب فٹ بال کی آئے تو اس کا مقابلہ کسی چیز سے نہیں ہوسکتا کہ پرتگال کا سٹار فٹ بالر سعودی روشن لیگ کھیلنے آ رہے ہیں۔

دنیائے فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں کو اگلے چند ہفتوں اور مہینوں کے دوران ریاض، جدہ، دمام اور دیگر شہروں میں دیکھا جائے گا اور اسی طرح دنیا کے ہر کونے میں موجود فٹ بال شائقین ان کو سعودی عرب میں کھیلتے دیکھیں گے۔

سعودی فٹ بال کو ایک طرف رکھ دیا جائے تو تب بھی یہ معاہدہ فٹ بال کی بڑی خبروں میں سے ایک ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا یہ ممکن ہوگا مگر اب یہ ہوچکا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ کے دوران جب رونالڈو کے سعودی عرب میں کلب فٹ بال کھیلنے کی افواہیں عروج پر تھیں، ال نصر کے کوچ روڈی گارشیا نے کھیل کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے ساتھ کام کرنے کے امکان پر اپنی مسرت کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’کسی بھی کوچ کو کرسٹیانو جیسے عظیم سٹار کو تربیت دینے میں خوشی ہوگی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’میرا ہمیشہ سے خیال ہے کہ بڑے کھلاڑیوں کو مینج کرنا سب سے آسان ہوتا ہے کیونکہ وہ بہت ذہین ہوتے ہیں۔‘ پرتگال کے سٹار فٹ بالر دنیا کے جس کلب سے بھی کھیلنے جاتے ہیں کروڑوں شائقین اس طرف کا رخ کرتے ہیں۔
وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 500 ملین سے زیادہ فالوورز کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ مقبول شخص ہیں۔ اگر اُن کے فالوورز میں سے صرف 10 فیصد نے بھی اُن کے ال نصر میں کھیلنے میں دلچسپی لی تو سعودی پروفیشنل لیگ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی لیگ میں سے ایک ہوگی۔

کرسٹیانو رونالڈو کے النصر کیساتھ منسلک ہونے کے بعد سعودی کلب بھی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ٹرینڈ کررہا ہے۔ ای ایس پی این فٹبال انفو کے مطابق رونالڈو کے کلب کیساتھ معاہدہ ہونے کے بعد چند ہی گھنٹوں میں سعودی کلب النصر کا انسٹاگرام اکاؤنٹ کچھ ہزار فالوررز سے 1 ملین سے زیادہ فالوررز تک پہنچ گیاتھا، جس کے اب 3 ملین سے زیادہ فالوررز ہوچکے ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو نے النصر کیساتھ 2025ء تک کا معاہدہ طے کیا ہے۔
پرتگال کے کھلاڑی نے ایک متنازع انٹرویو کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ دیا تھا اور اس کے بعد وہ کسی بھی کلب میں شمولیت کیلئے آزاد تھے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انھوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کی بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ اب انھیں کوئی بھی ٹیم اس قدر زیادہ رقم کے ساتھ نہیں لے گی۔

لیکن اطلاعات کے مطابق النصر کلب سے رونالڈو فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی تنخواہ سالانہ 177 ملین پاؤنڈ سے زیادہ وصول کریں گے۔

37 سالہ کھلاڑی کا کہنا ہے کہ وہ ’ایک مختلف ملک میں ایک نئی فٹبال لیگ کا تجربہ کرنے کیلئے بے چین ہیں۔‘

رونالڈو نے مزید کہا: ’میں خوش قسمت ہوں کہ میں نے وہ سب کچھ جیتا جو میں یورپی فٹبال میں جیتنے کیلئے نکلا تھا اور اب یہ محسوس کر رہا ہوں کہ ایشیاء میں اپنے تجربے کو شیئر کرنے کا یہ صحیح وقت ہے۔‘

جہاں تک ان کی نئی ٹیم النصر کا سوال ہے تو وہ نو بار سعودی پرو لیگ چیمپیئن رہ چکی ہے۔ اس نے رونالڈو کے ساتھ اس معاہدے کو ’تاریخ ساز‘ یعنی ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے طور پر بیان کیا ہے۔

الہلال میں شمولیت سے انکار

اسی موسم گرما میں رونالڈو نے ایک اور سعودی فٹبال کلب الہلال میں شامل ہونے کیلئے305 ملین پاؤنڈ کا معاہدہ ٹھکرا دیا تھا کیونکہ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ میں خوش تھے۔

نومبر کے شروع میں دنیا کے تجربہ کار سٹرائیکر نے ٹاک ٹی وی کیلئے پیئرز مورگن کے ساتھ ایک انٹرویو میں بات چیت کی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ انھیں یونائیٹڈ کی طرف سے 'دھوکہ' ملا، مینیجر ایرک ٹین ہیگ کا احترام نہیں کیا اور انھیں کلب سے باہر کیا جا رہا ہے۔

رونالڈو نے یونائیٹڈ کیلئے 346 میچوں میں 145 گول کیے۔ انھوں نے ریئل میڈرڈ میں شامل ہونے کے 11 سال بعد اگست 2021ء میں اولڈ ٹریفورڈ کلب میں دوبارہ شامل ہونے کیلئے جووینٹس کلب کو چھوڑا تھا۔

ان کے پاس یونائیٹڈ کے ساتھ پانچ لاکھ پاؤنڈ فی ہفتہ کے معاہدے کے سات ماہ باقی تھے لیکن انھوں نے باہمی اتفاق سے کلب سے رخصتی حاصل کی۔

فیفا ورلڈ کپ سیٹ نامی صارف الیمو فلپ نے ان کے معاہدے کو سال، مہینے، ہفتے، دن اور گھنٹے کے اعتبار سے پیش کیا ہے۔

انھوں نے لکھا کہ سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ رونالڈو کے معاہدے کا حساب: ’سالانہ 200 ملین یورو، ماہانہ 16۔67 ملین یورو، ہفتے کے حساب سے 3۔888 ملین یورو، یومیہ پانچ لاکھ 55 ہزار 555 یورو، ہر گھنٹے 23 ہزار 140 یورو، ہر منٹ 386 یورو، فی سیکنڈ ساڑھے چھ یورو۔‘