آندھی، گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

Mar 30, 2024 | 19:58:PM
آندھی، گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی) پنجاب کے دل لاہور سمیت دیگر شہروں میں ابر رحمت برسنے کا سلسلہ شروع ہو گیا، مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے سے موسم خوشگوار ہوا گیا اور ابر رحمت برسنے سے شہریوں کا شاپنگ سیزن بھی ٹھنڈا ہو گیا، ایسے میں محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کر دی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات خیبر پختونخوا، پنجاب،  اسلام آباد ، کشمیر  اور  گلگت بلتستان میں  آندھی جھکڑ  اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے  سے مزید  بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بعض مقامات پر  ژالہ باری کی توقع ہے، تاہم بالائی خیبر پختونحوا ، خطہ پوٹھوہاراور کشمیر میں چند مقامات پر مو سلادھار بارش کی امید ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کیلئے عید سے پہلے بڑی خوشخبری, وزیر خزانہ کا ایک ماہ کی تنخواہ اعزازیہ دینے کا اعلان

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جز وی ابر آلود رہے گا، صبح کے اوقات میں  تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مو سم خشک اور   مطلع جزوی ابر آلود  رہے گا، تاہم چترال، دیر، سوات ، کوہستان، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ ،  ہری پور اور  بالاکوٹ  میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری  کا امکان ہے.

صوبہ پنجاب کے بیشتر  اضلاع  میں موسم خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین،  سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں صبح کے اوقات میں   تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں   مو سم خشک   رہے گا، تاہم بلوچستان کے جنوبی اضلاع  میں  تیز  ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک  اور گرم  رہے گا، تاہم جنوبی اضلاع  میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے، کشمیر اور   گلگت بلتستان   میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ  بارش، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔