یوسف رضا گیلانی کا تعلق باپ پارٹی سے ہے : شاہد خاقان عباسی

Mar 30, 2021 | 11:00:AM
سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور شاہد خاقان عباسی ( فائل فوٹو)
کیپشن: سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور شاہد خاقان عباسی ( فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ  حکومت کو اڑھائی سال بعد معلوم ہوا کہ ہمارا وزیر خزانہ نااہل ہے۔پیٹرولیم والے وزیر بھی 122 ارب کھا کر چلے گئے کوئی پوچھنے والا نہیں۔نیب تو اپوزیشن کیلئے بنی ہے۔سوائے پاکستان کے پوری دنیا نے کورونا پر قابو پا لیا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج محمد اعظم خان نے شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس پرسماعت کی۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے، جبکہ نیب کےگواہ وزارت پیٹرولیم کے ڈائریکٹر عبدالرشید جوکھیو نے اپنا بیان قلمبند کروایا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بھی معلوم ہو گیا کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ اڑھائی سال بعد ہمیں معلوم ہوا کہ ہمارا وزیر خزانہ نااہل ہے۔ایک اور بندے کو چارج دیدیا گیا جو پہلے وزیر خزانہ رہ چکا ہے۔پیٹرولیم میں 122 ارب کھا کر چلے گئے کوئی پوچھنے والا نہیں۔دوائیوں کا وزیر پیسہ کھا کر چلا گیا کوئی پوچھنے والا نہیں۔نیب حکومت کی کرپشن پر نہیں پوچھے گا کیونکہ وہ تو بنا ہی اپوزیشن کیلئے ہے

اس موقع پر صحافی نے سوال پوچھا کہ یوسف رضا گیلانی کے کیس میں ہفتوں تاریخیں دی جاتی ہیں جس پر شاہد خاقان عباسی نے طنز کرتے ہوئے کہا  ان کا تعلق باپ پارٹی سے ہے۔سوچ رہے ہیں باپ کو بھی پی ڈی ایم میں شامل کرلیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ تین وزرائے اعظم کے کیس ایک عدالت میں لگے ہیں۔کیوں نہیں آپ عوام کو یہ سب کچھ دکھاتے۔سیاسی نظام کی ہتک ان کیسز کا مقصد ہے۔نیب ایک آمر نے بنایا تھا اور وہ اکیس سال سے قائم ہے۔

لیگی رہنما نے کہا سوائے پاکستان کے پوری دنیا نے کورونا پر قابو پا لیا ہے۔پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے آج تک ایک ویکسین نہیں خرید سکا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ایسے بنایا گیا جیسے کشمیر فتح کرنے جا رہے ہیں۔ایس او پیز پر 22 مارچ سے عملدرآمد کا کہا گیا لیکن عملدرآمد نہیں ہے۔این سی او سی مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔

شاہد خاقان نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں ویکسین پر کرپشن ہو رہی ہے۔پاکستان واحد ملک ہے جس نے پرائیویٹ لوگوں کو ویکسین کی درآمد کی اجازت دی۔پرائیویٹ لوگ ویکسین کہاں سے خرید کر لا رہے ہیں۔کابینہ کے پاس اور کام نہیں ہے کہ وہ کووڈ کی ویکسین کی قیمت طے کر رہی ہے۔چین نے اپنے شہریوں کو محروم کر کے پاکستان کیلئے ٹیکے بھیجے۔
شاہد خاقان نے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی گذشتہ روز منظر عام پر آنے والی فوٹیج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کل سے ایک ویڈیو چل رہی ہے کہ ایک وزیر صاحب کی پوری فیملی کو ویکسین لگ رہی ہے۔اگر چھپ کر ویکسین لگانی ہے تو ویڈیو تو مت بناؤ۔آپ میں شرم نہیں ہے لیکن عقل کا تو استعمال تو کر لو ۔