(اسرار خان)لاہور کے علاقے باٹا پور میں ن لیگی امیدوار ملک حبیب اعوان کی انتخابی ریلی میں فائرنگ سے لیگی امیدوار کے چھوٹے بھائی سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے ۔
پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 154 باٹا پور لاہور میں ن لیگی امیدوار ملک حبیب اعوان کی انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے ان کے چھوٹے بھائی ملک بودا سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے،فائرنگ کا واقعہ نروڑ گاؤں میں انتخابی مہم کے دوران پیش آیا جہاں مسلح افراد کی فائرنگ سے ملک حبیب کے چھوٹے بھائی اور دیگر ن لیگی کارکنان فائرنگ کا شکار ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:سائفر کیس میں شاہ محمود کو سزا، این اے 214 تھرپارکر سے زین قریشی الیکشن لڑیں گے
اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے، پولیس کے مطابق زخمیوں میں ملک بودا کا ڈرائیور اور گن مین بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ عداوت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے ۔