پی ایس ایل 9: گابا ٹیسٹ کے ہیرو ویسٹ انڈین بولر شمر جوزف پشاور زلمی میں شامل

Jan 29, 2024 | 23:04:PM
پی ایس ایل 9: گابا ٹیسٹ کے ہیرو ویسٹ انڈین بولر شمر جوزف پشاور زلمی میں شامل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: twitter
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(افضل بلال) گابا ٹیسٹ کے ہیرو ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر شیمر جوزف پشاور زلمی میں شامل ہو گئے۔

27 سال بعد ویسٹ انڈیز کو آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں فتح دلانے والے گابا ٹیسٹ کے ہیرو تیز گیند باز شیمر جوزف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بن گئے، ویسٹ انڈین بولر کا پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی سے معاہدہ طے پا گیا، وہ اب پی ایس ایل 9 کے سارے سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی گیند باز پر جرمانہ عائد، آخر وجہ کیا بنی؟

آسٹریلیا میں ویسٹ انڈیز کے لیے تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے شمر جوزف کو پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کے لیے خرید لیا، زلمی نے 24 سالہ فاسٹ باؤلر کو انگلش فاسٹ بولر گس اٹکنسن کے متبادل کے طور پر سائن کیا ہے، اتکنسن کو پشاور زلمی کی جانب سے پورے سیزن کے لیے سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا لیکن بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کے سکواڈ میں ان کو شامل کیا گیا جس وجہ سے وہ پی ایس ایل 9 کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے، انگلش ٹیم بھارت کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ 7 مارچ کو شروع کرے گی جو کہ 11 مارچ تک رہے گا جبکہ پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے شروع ہو کر 18 مارچ کو اختتام پذیر ہو گا۔

صرف ایک سال قبل پیشہ ورانہ کرکٹ کھیلنا شروع کرنے والے شیمر جوزف کو گزشتہ برس گیانا ایمیزون واریئرز نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں خریدا تھا، 2023 کے سیزن میں انہوں نے 2 میچ بغیر کوئی وکٹ حاصل کئے کھیلے، یہ ان کے کرکٹ کیریئر کے دو آفیشل ٹی ٹوئنٹی تھے، علاوہ ازیں انہوں نے مزید 2 لسٹ اے میچز کے ساتھ 7 فرسٹ کلاس میچ بھی کھیلے تھے۔


دوسری جانب پشاور زلمی نے 2017 سے پی ایس ایل کا کوئی ٹورنامنٹ نہیں جیتا، گزشتہ سال بھی دوسرے ایلیمینیٹر میں زلمی ناک آؤٹ ہو گئی تھی، زلمی کا آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے 9ویں سیزن میں افتتاحی میچ 18 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہو گا۔

واضح رہے کہ شیمر جوزف نے گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی ہی ٹیسٹ سیریز کی ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرکے بین الاقوامی توجہ حاصل کی، ڈیبیو کرنے والے ویسٹ انڈین بولر نے دوسرے ٹیسٹ کی آخری اننگز میں کینگروز کی 7 وکٹیں اڑا کر اپنی ٹیم کو 1997ء کے بعد آسٹریلیا میں پہلی بار ٹیسٹ میچ میں فتح دلائی۔ 

خیال رہے کہ شیمر جوزف نے آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں کھیلے گئے  پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی اوپنر بلے باز سٹیو سمتھ کو آؤٹ کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی پہلی گیند پر وکٹ بھی حاصل کی۔