(اویس کیانی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترک بری فوج کے کمانڈو کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا، یہ اعزاز پاک ترک تعلقات کو مضبوط بنانے میں خدمات کے اعتراف میں دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے خصوصی تقریب میں ترک بری افواج کے کمانڈر کو نشان امتیاز (ملٹری) کا اعزاز عطا کیا، صدر مملکت نے ایوارڈ پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعلقات مضبوط بنانے میں خدمات کے اعتراف میں دیا، بعد ازاں، ترک بری افواج کے کمانڈر نے صدر مملکت سے ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی، ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: صیہونی قوتوں کے آلہ کار یہودی کو جلسہ کرنے دو
دونوں ممالک نے پاکستان اور ترکی کے باہمی مفاد میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا، صدر مملکت نے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر کو نشان امتیاز (ملٹری) ملنے پر مبارکباد دی، صدر مملکت نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان متعدد منصوبوں پر تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترک بری افواج کے کمانڈر نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت نے پاکستان اور ترکیے کے عوام کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کرتا ہے، ترکیہ نے ہمیشہ بنیادی مسائل پر پاکستان کی حمایت کی ہے، ترکیہ کے ساتھ زراعت، تعلیم، فن اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون فروغ دینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے سچے اور مخلص دوست ہیں، ترک صدر نے میرے انتخاب اور رمضان المبارک کے آغاز پر ٹیلی فونک کال کی، ترک صدر کا 2 مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ پاک ترک تعلقات کو وسعت دینے کے ان کے عزم کا اظہار ہے، امید ہے کہ کمانڈر دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔