سیاسی ماہرین کا آڈیو لیک کے بعد عمران خان سے معافی کا مطالبہ

Sep 28, 2022 | 13:29:PM
سینئر تجریہ کار و سیاسی ماہرین نے آڈیو لیک کے بعد عمران خان سے معافی کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو عوام کو جواب دینا ہوگا
کیپشن: سیاسی ماہرین
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سینئر تجریہ کار وں و سیاسی ماہرین نے آڈیو لیک کے بعد عمران خان سے معافی کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو عوام کو جواب دینا ہوگا۔

سینئر تجریہ کار و سیاسی ماہر سلیم بخاری نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سازشی کہانی خود گڑھی، عمران خان نے اپنے پرنسپل سیکرٹری کیساتھ ملکر ایک سازشی بیانیہ تیار کیا، جس کی وجہ سے پاکستان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا جیسا پاکستان کا اتحادی بھی ہم سے ناراض ہوگیا، عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے، پاکستان کیساتھ کھلواڑ کیا گیا، اس سب کے ذمہ دار عمران خان ہیں، عمران خان کا امریکی سازشی بیانیہ بری طرح ناکام ہوگیا۔

سینئر تجریہ کار و سیاسی ماہر ثنا بچہ نے کہا کہ عمران خان کو اپنے رویئے پر شرمندہ ہونا چاہئے، یہ ملک ٹی 20 میچ نہیں اور نہ ہی کوئی 11 کھلاڑیوں کی ٹیم ہے، پوری قوم کے سامنے عمران خان کا چہرہ بے نقاب ہوگیا، انہیں اب جواب دینا ہوگا، کپتان اب عوام کو نیا لالی پاپ دینے کی کوشش کریں گے۔

سینئر تجریہ کار و سیاسی ماہر نوید چودھری نے 24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو عمران خان سے کیا مسئلہ ہوسکتا ہے، آڈیو لیک کے بعد سب چیزیں عوام کے سامنے آگئیں، تحریک عدم اعتماد عمران خان کے خلاف سازش نہیں تھی بلکہ جھوٹا بیانیہ بنایا گیا۔