ایپل کاالیکٹرک گاڑی تیار کرنے کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ

Feb 28, 2024 | 14:48:PM
ایپل کاالیکٹرک گاڑی تیار کرنے کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ایپل کی جانب سے الیکٹرک گاڑی تیار کرنے کے منصوبے کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔

ایپل کی جانب سے تقریباًایک دہائی سے الیکٹرک گاڑی کی تیاری پر کام کیا جا رہا تھا مگر اب اس منصوبے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اس فیصلے کا اعلان 27 فروری کو اندرونی طور پر کیا جس نے منصوبے پر کام کرنے والے 2 ہزار افراد کو  دھچکا دے دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملازمین کو اس فیصلے سے چیف آپریٹنگ آفیسر جیف ولیمز اور منصوبے کے سربراہ کیون لِنچ نے آگاہ کیا،دونوں کی جانب سے ملازمین کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ پر کام بتدریج ختم کیا جائے گا اور اس کی تیاری میں مصروف افراد کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ڈویژن میں منتقل کیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے اب اے آئی منصوبوں پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی،ایپل کی جانب سے منصوبے پر کام روکے جانے کی رپورٹ پر کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اس منصوبے کو پراجیکٹ ٹائٹن کا نام دیا گیا تھا اور اس پر کام کا آغاز 2014 میں ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:انگلیوں کے نشان چوری کرنے کا منفرد طریقہ دریافت

اس منصوبے کے تحت ایسی الیکٹرک گاڑی تیار کی جانی تھی جو خود ڈرائیونگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو،مگر آغاز سے ہی منصوبے کو مشکلات کا سامنا ہوا اور اس میں متعدد بار تبدیلیاں کی گئیں۔

اس منصوبے پر کروڑوں ڈالرز خرچ کیے گئے تھے مگر کمپنی کے عہدیداران کو خدشہ تھا کہ گاڑی مارکیٹ میں کامیاب نہیں ہو سکے گی کیونکہ حالیہ مہینوں میں الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میں کمی دیکھنے میں آئی تھی۔