احتجاج، توڑ پھوڑ کیس: بانی پی ٹی آئی عمران خان، فیصل جاوید، اسد عمر بری

Feb 28, 2024 | 10:26:AM
احتجاج، توڑ پھوڑ کیس: بانی پی ٹی آئی عمران خان، فیصل جاوید، اسد عمر بری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ، سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر کو بری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شبیر نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں عمران خان سمیت دیگر ملزموں کی بریت کی درخواستیں منظور کرنے کا فیصلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی ، اسدعمر ، فیصل جاوید اور دیگر کو مقدمہ سے بری کر دیا گیا ہے،ملزموں کیخلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمہ تھانہ ترنول میں درج تھا۔

عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان کی جانب سے 249-A کے تحت الگ الگ بریت کی درخواستیں دائرکی گئیں، مقدمہ میں ملزموں کو سزا نہیں سنائی جاسکتی اس لئے مزید ٹرائل چلانا وقت کا ضیاع ہے،فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی ، اسدعمر، راجہ خرم شہزاد نواز کی بریت درخواستیں منظورکی جاتی ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ علی نواز اعوان ، فیصل جاوید ، عابد حسین  اور ظہیرخان کی بریت کی درخواستیں بھی منظورکی جاتی ہیں، ملزم اسد عمر ، علی نواز اعوان اور فیصل جاوید ضمانت پر ہیں وہ مچلکے واپس لے سکتے ہیں۔

 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے کہا کہ پراسیکیوٹر کے مطابق بانی پی ٹی آئی و دیگر ملزمان نے جان بوجھ کر جی ٹی روڈ کو بلاک کیا۔

عدالت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن منظرعام پر نہیں آیا، ایس ایچ او تھانہ ترنول مدعی مقدمہ ہے، پولیس افسر کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں، 11 گواہان چالان میں شامل تھے، ایک بھی بیان ریکارڈ کرانے عدالت نہیں آیا۔