اردوسائنس بورڈ کے قیام کو ساٹھ سال مکمل

Oct 27, 2022 | 17:53:PM
اردوسائنس بورڈ کے قیام کو ساٹھ سال مکمل
کیپشن: اردوسائنس بورڈ
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اردوسائنس بورڈ کے قیام کو ساٹھ سال مکمل ہوگئے۔ 
بورڈ میں تقریب سے امجد اسلام امجد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترجمہ دوسرے ملکوں یا معاشروں کے علم کو اپنے معاشرے میں روشناس کرنے کااہم ذریعہ ہے۔ اردوسائنس بورڈ نے تراجم کے ذریعے اردوزبان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے علوم  کی اشاعت    کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ سائنسی ایجادات کے اصطلاحی ناموں اور الفاظ کے اردوزبان میں ترجمہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ انٹرنیٹ، موبائل فون اور دیگر ایسی ایجادات سے پوری دنیا میں کتب بینی کا رجحان کم ہوا ہے ۔ اردوزبان میں سائنسی علوم کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ آٹھویں جماعت تک بنیادی سائنسی علوم اردو میں آسان دلچسپ انداز میں پڑھائے جانے چاہییں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارہ فروغ قومی زبان ڈاکٹر راشدحمید نےاپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ بورڈ نے ملک میں سائنسی اور تکنیکی علوم کی اشاعت اور فروغ کے لیےنمایاں قومی خدمات انجام دی ہیں۔ انگریزی اور دیگر زبانوں سے اردومیں سائنسی علوم کے تراجم بورڈ کااہم کار کارنامہ ہے۔ اردوسائنس بورڈ واحد سرکاری ادارہ ہے ، جس نے اپنی کتابوں کی آمدن سے اپنے دفتر کی عمارت خود تعمیر کی۔بورڈ نے مختلف موضوعات پرساڑھے نو سے زائد اہم انسائیکلوپیڈیا، لغات اور کتابیں شائع کیں۔دس جلدوں پر مشتمل اردوسائنس انسائیکلوپیڈیا ایک اہم علمی سرمایہ ہے ، جس کو اس کی افادیت کی بدولت علمی دنیا میں بے حد پذیرائی ملی۔

پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحسن نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ زبان ابلاغ کاذریعہ ہوتاہے۔ انگریزی زبان میں علوم کاوسیع ذخیرہ موجود ہے۔دنیا بھر میں سائنس اور ٹیکنالوجی بالخصوص انٹرنیٹ کی وجہ سے انگریزی زبان کی اہمیت زیادہ ہے۔   ڈاکٹر طارق ریاض نے اظہار خیال کرتےہوئے کہاکہ بچہ اپنی مادری زبان میں علوم کو زیادہ بہتر انداز میں سیکھ سکھتاہے۔ اردوزبان دُنیا میں بولی جانے والی پانچویں بڑی زبان ہے ،جو رابطے، ذریعہ تعلیم اور سائنس کی زبان بننے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ 

اس موقع پر بورڈ میں تقریب کااہتمام کیاگیا۔ تقریب کی صدارت  معروف ڈرامہ نگار، شاعروکالم نگار اور سابق ڈائریکٹر جنرل اردوسائنس بورڈ امجد اسلام امجدنے کی۔ اس موقع پر پروفیسر اورنٹیل کالج پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاء الحسن مہمان خصوصی تھے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارہ فروغ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید نے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر روف پاریکھ کی طرف سے مہمانوں کی آمد پر اُن کا شکریہ اداکیا۔ تقریب سے سابق ڈائریکٹر اردوسائنس بورڈ عاصم حسنین، سابق ڈائریکٹر محکمہ جنگلات ڈاکٹر اجمل رحیم، ڈاکٹر طارق ریاض خان، ڈاکٹر جمیل احمد اور زبیر وحید بٹ نے اظہار خیال کیا۔