افغان وزارت خارجہ کے دفتر پر خود کش حملہ، 6 افراد جاں بحق

Mar 27, 2023 | 21:01:PM
افغان وزارت خارجہ کے دفتر پر خود کش حملہ، 6 افراد جاں بحق
کیپشن: خود کش حملہ(فائل فوٹو)
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت میں واقع وزارت خارجہ کے دفتر کے سکیورٹی گیٹ پر حملہ آور نے خود کو بارودی مواد کے دھماکے سے اڑادیا،خود کش حملے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

عالمی میڈیاکے مطابق ترجمان طالبان نے اپنے بیان میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا،ترجمان طالبان کے مطابق خود کش بمبار نہیں رکا تو سکیورٹی اہلکار نے اس پر گولیاں چلادی دیں جس سے وہ زخمی ہوکر گر گیا اور اسی وقت خود کش دھماکا کردیا۔

خود کش حملے میں 10 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہےجہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے،ہلاک ہونے والے تمام افراد شہری ہیں تاہم زخمیوں میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

حملہ آور کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے تاہم اب تک اس کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی،تاحال کسی شدت پسند گروپ نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سکیورٹی اہلکاروں، سرکاری دفاتر اور امام بارگاہوں پر حملوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔طالبان نے حال ہی میں داعش خراسان کے خلاف کارروائی میں بڑی کامیابیاں حاصل کی تھیں اور داعش برصغیر کے سربراہ سمیت اہم کمانڈرز کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ پر ہونے والا خود کش حملہ داعش خراسان کیخلاف ہونے والی کارروائیوں کا انتقام ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 6ماہ میں افغانستان کے وزارت خارجہ کے دفتر پر یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔