چائنا کا ڈریگن پہاڑ،سطح سمندر سے 3100 میٹرپر واقع بڑاتھیٹر ، 500 لوگوں کی پرفارمنس نے دل جیت لیا

Jan 27, 2024 | 13:29:PM
چائنا کا ڈریگن پہاڑ،سطح سمندر سے 3100 میٹرپر واقع بڑاتھیٹر ، 500 لوگوں کی پرفارمنس نے دل جیت لیا
کیپشن: لیجیانگ اوپن تھیٹر
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

آج دفتر سے واپس گھر کی جانب رواں دواں تھا تو دن بھر کی تھکاوٹ کے بعد دل کررہا تھا کہ واپسی پہ جاتے ہوئے  موسیقی میں کچھ سنا جائے، جس کیلئے ہالی ووڈ گانوں کا انتخاب کیا اور اپنی منزل کی طرف روانہ ہوا.

لاہور شہر کی مصروف ترین سڑک فیروزپور روڈ سے اب قصور روڈ کی طرف رواں دواں  ہی تھا کہ اچانک ایک گانا پلے ہوا ،یہ گانا چائنیز میں تھا اور جب یہ گانا پلے ہوا تو اس گانے نے مجھے چائنا کے ایک صوبے یونان کے شہر لیجیانگ میں اپنے بتائے ہوئے دنوں کی یاد دلا دی ، یہ وہاں کا مقامی گانا ہے(going    home) جو بہت مشہور ہے اور اگر اس گانے کو اپ سننا چاہتے ہیں تو یوٹیوب پر  اس گانے کو سن سکتے ہیں۔

 چائنا کا ڈریگن پہاڑ،دلکش نظارہ، گوئنگ ہوم سونگ نے یاد تازہ کر دی

اس گانے کا نام گوئنگ ہوم ہے۔ اب وہ گانا سنتے سنتے مجھے ایسےاحساس ہوا کہ جسیے میں اب لیجیانگ میں ہوں اور لیجیانگ میں قائم ایک تھیٹر کی مشہور پرفارمنس سے لطف اندوز ہو رہا ہوں ،کیونکہ اس گانے کو ہم نے لیجیانگ پرفارمنس کے دوران سنا تھا جس پر 500 لوگوں نے مختلف کرداروں پرپرفارمنس دی۔

امپریشن لیجیانگ ایک شاندار آؤٹ ڈور ڈانسنگ پرفارمنس  ہے

اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ لیجیانگ کی پرفارمنس کیا ہے تو پھر اس تحریر کو اب آخر تک ضرور پڑھیے گا کہ یہ لیجیانگ امپریشن یا پرفارمنس ہے کیا۔امپریشن لیجیانگ ایک شاندار آؤٹ ڈور ڈانسنگ پرفارمنس  ہے جو  وہاں کے مقامی  لوگوں کی روایات اور طرز زندگی کو ظاہر کرتی ہےاوربتایا جاتا ہے کہ یہ مشہور چینی ہدایت کار(Zhang Yimou) کی تخلیق کردہ ہے۔یہ شو منفرد انداز میں صبح اور دوپہر کے وقت پیش کیا جاتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں اداکاری کا مظاہرہ کرنے والے وہاں کے مقامی ہیں یہ ایک اوپن تھیٹر ہے اورسطح سمندر سے 3100 میٹر پر ہے لیکن اس شو کا بیک گراؤنڈ بہت دلکش ہے  کیونکہ جب آپ یہ پرفارمنس دیکھتے ہیں تو اپ جیڈ ڈریگن برفیلے پہاڑ کا نظارہ بھی لے رہے ہوتے ہیں۔

 لیجیانگ میں پانی کی فراہمی کا ایک قدیم نظام، آج بھی مؤثر طریقے سے کام جاری ہے

  میں  اس پر شکر گزار ہوں چائنا کی حکومت کامجھے اس عمدہ اور لاجواب پرفارمنس کو لائیو دیکھنے کا ایک یادگار موقع دیا۔ نومبر 2023 کے آخری ہفتے کی بات ہے کہ ہم  مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے جرنلسٹ چین کے صوبہ ’’یونان‘‘ کے دورے پر تھے تو ہمیں ایک قدیمی شہر لیجیانگ کا دورہ کرایا گیا جہاں ہم نے شہر کے تاریخی مقامات بھی دیکھے, لیجیانگ، چین کے صوبہ یونان کے شمال مغربی حصے میں ایک شہر ہے، جہاں نازی اور کئی دیگر نسلی اقلیتی گروہ آباد ہیں۔ 1300 کی دہائی میں یہ شہر ایک تجارتی مرکزتھا، اس کا پرانا شہر موچی پتھر کی گلیوں، نہروں اور دکانوں اور ریستوڑان کے ساتھ سینٹرل مارکیٹ اسکوائر پرمحیط ہے۔ اس کا فن تعمیر کئی ثقافتوں کے عناصر کے امتزاج کیلئے قابل ذکر ہے۔ اور  لیجیانگ میں پانی کی فراہمی کا ایک قدیم نظام بھی ہے جو کہ آج بھی مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے۔

  اس  قدیمی شہرکو خوبصورتی اور وہاں کی انتظامیہ کے تحفظ کی بنیاد پر اسے یونیسکو کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے اور اس کی وجہ بھی یہی ہے کہ وہاں کی مقامی حکومت اور انتظامیہ نے اس شہر کا بہت خوبصورتی کیساتھ تحفظ  کیا ہے، اگر آپ اس شہر کا دورہ کریں گے تو آپکو  دلکش گلیاں  اورقدیمی فن ثقافت نظر آئے گا۔خیر ہمیں اس شہر کے مختلف مقامات کی سیر کرائی گئی جس میں پہاڑوں پہ بسنے والے لوگوں کا طرز زندگی بھی شامل تھا اوراس دورے کے بعد  ہمیں لیجیانگ پرفارمنس دکھانے کیلئے ایک ایسی جگہ لیجایا گیا جہاں وہاں کے مقامی اور چائنا کے دیگر شہروں سے آئے لوگوں کا بہت زیادہ رش تھا تو ہمیں بھی حیرانگی ہوئی کہ اتنے سارے لوگ اچانک  کہاں سے آگئے؟

ہمیں اس سفر میں یونان صوبے کے وزارت خارجہ کے سرکاری افسران کی معاونت حاصل تھی  جنہوں نے ہمارے اس سفر کو بہترین بنایا۔ خیر اب ہمیں سامنے  ایک بڑی عمارت نظرآرہی تھی اور  میوزک  کی دھنیں بھی سنائی  دے رہیں تھیں ۔ ہمیں اس بارے تو معلوم نہیں تھا کہ اس بڑی عمارت کے پییچھے کیا ہوگا لیکن جب ہمیں وی آئی پی گیٹ سے اندر لیجایا گیا تو اور کچھ سیڑھیاں چڑھ کر اوپر گئے تو ایک  بڑے سے پرکشش اور منفرد تھیٹرنے ہمیں کچھ دیر لاجواب کردیا اور ہم   بس یہی کہتے رہے ‘‘واو  واو‘‘ اور یہ کوئی عام تھیٹر نہیں تھا اس تھیٹر کو دیکھ  کر محسوس ہو گیا تھا کہ اسے بہت مہارت سے بنایا گیا ہے۔

اب ہمیں امپریشن لیجیانگ کی بلیک کیپ پیش کی گئی اور وی آئی پی  کی طرح استقبالیہ دیا گیا اور ہم اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے سامنے اسٹیج ایسے لگ رہا تھا جیسے کہ پہاڑ کو کاٹ کر بنایا گیا ہواور وہاں پرفارمنس شروع ہوئی، پرفانرمنس میں وہاں کےمقامی لوگ ماضی کی کہانیوں کا پس منظر پیش کرتے ہیں کہ ماضی میں انکا طرز زندگی کیسا تھا۔ لیجیانگ کا موسم سرد توتھا مگر دھوپ بھی تھی تو موسم کیساتھ ساتھ ہم لائیو پرفارمنس سے بھی لطف اندوز ہو رہے تھے۔اس پرفارمنس میں بالکل ماضی کے حالات زندگی پر بھرپور منظر کشی دکھائی دے رہی تھی اور کہانی کو ڈانس کیساتھ اور میوزک کے ساتھ  بیان کیا جارہا تھا۔یہ پرفارمنس دیکھ کر ہمیں بھی کچھ اندازہ ہوا کہ یہاں ماضی میں لوگوں کا طرز زندگی کیسا تھا۔ وہاں کے مقامی لوگوں کی یہ پرفارمنس دیکھ کر یہ اندازہ تو ہو گیا کہ چائنا کی ثقافت تاریخی ہے۔

تھیٹر پر پرفارم کرنے والے لوگ مقاقی زبان بول رہے تھے لیکن اس پرفارمنس کے ساتھ  کہانی بارے ایک بڑی سکرین  پر غیر ملکیوں کے  لیے انگلش میں کہانی کا  لب لباب ضرور بتایا جارہا تھا۔یہاں پرفارم کرنے والوں میں مختلف ایتھنک گروپ تھے اور وہاں کا روایتی  لباس پہن  کریہ لوگ پرفارم کرہے تھے ۔ گھڑ سواروں کی پرفارمنس بھی عمدہ تھی اورآخر میں اس تھیٹر میں ایک لڑکے اور لڑکی   کی محبت بھری داستان بھی پیش کی گئی  اور ہاں اس کہانی پر کی گئی پرفامنس کے دوران  وہاں تماشائیوں میں  موجود نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اس پرفارمنس پر  خوب داد دے رہے تھے ۔ کہانی کا انداز بیان اور وہاں کے مقامی لوگوں کی پرفامنس انتہائی عمدہ تھی جس سے ہم بھی بہت محظوظ ہوئے  کیونکہ یہ کہانی بہت رومینٹک تھی اور اسی دوران (Going Home) کے نام سے  یہ گانا چلایا جاتا ہے۔شو ختم ہوا تھا تو ہم بھی یہ گانا سن کر اداس ہو گئے ۔ کیونکہ چند روز بعد ہمیں بھی  اپنے وطن واپس  لوٹنا تھا  تو اس گانے کے بول ہی ایسے تھے جو ہم بیجنگ واپسی تک سنتے ہی رہے اور آج بھی میں  یہ میوزک سنتا ہوں تو یقین کریں میں  لیجانگ شہر کی اس پرفارمنس میں بیٹھے تماشائیوں میں خود کو بیٹھا محسوس کرتا ہوں۔

  لوگ اکثر مجھ سے پوچھتے ہیں کہ آپکو چائنا میں ایسا کیا دکھائی دیا جو آپ  اب بھی  چائنا کو یاد کرتے رہتے ہیں تو میں ان سے صرف اتنا  کہتا ہوں کہ چائنا اب میرا دوسرا گھر ہے اور اس کی وجہ وہاں کے لوگوں کی بے پناہ محبت اور ان کی میزبانی ہے۔ تو  پھر میں ان سے یہ بھی کہتا ہوں کہ آپ ایک دفعہ چائنا کا دورہ کرکے آئیں پھر آپکو معلوم ہوگا کہ چائنا کیا ہے، چائنا کے لوگ پاکستان کے بہت خیر خواہ ہیں  آپ صرف ان کو یہ کہیں گے آپ پاکستان سے آئیں ہیں تو پھر ان کی میزبانی دیکھیے گا ۔چائنا میں چار ماہ کے قیام کے دوران میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اگر   آپ وہاں کے لوگوں سے نیک نیت اور چاہت کے ساتھ  ملیں گے تو   میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ چینی لوگ آپ کا دل چرا لیں گے۔

علی رامے

علی رامے سٹی نیوز نیٹ ورک سے وابستہ ایک سینئر تحقیقاتی رپورٹر ہیں۔ وہ 2013 سے اس گروپ سے وابستہ ہیں اور بنیادی طور پر پنجاب حکومت کے ماتحت محکموں میں تحقیقاتی اور دلچسپ  اسٹوریز کا احاطہ کرتے ہیں۔