سندھ: 14 کورونا ویکسینیشن سینٹرز قائم،عملہ اور سامان پہنچا دیا گیا

Jan 27, 2021 | 12:03:PM

(24 نیوز) سندھ میں 14 کورونا ویکسینیشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے۔ ویکسین کیلئےکراچی میں 9 اور دیگر 5 شہروں میں ایک ایک سینٹر بنایا گیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی، شرقی میں دو، دو، کورنگی ملیر، غربی میں ایک، ایک سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ، میرپور خاص، حیدر آباد میں بھی ایک، ایک سینٹر بنایا گیا ہے۔ ویکسینیشن سینٹرز میں تربیت یافتہ عملہ اور سامان پہنچا دیا گیا۔چینی، برطانوی اور  روسی کمپنیوں سے ویکسین کے لیے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے ابتدائی طور پر ویکسین خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے ہیں۔ آئندہ ماہ کے شروع میں ویکسین ملنے کا امکان ہے۔ پہلے مرحلے میں سندھ کے ایک لاکھ 25 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 74 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 450 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 37 ہزار 477 ہوگئی۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 563 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 55 ہزار 214، سندھ میں 2 لاکھ 42 ہزار 793، خیبر پختونخوا میں 65 ہزار 953، بلوچستان میں 18 ہزار 765، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 903، اسلام آباد میں 40 ہزار 972 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 877 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 77 لاکھ 64 ہزار 114 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 285 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 92 ہزار 207 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 165 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 74 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہزار 450 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 646، سندھ میں 3 ہزار 925، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 857، اسلام آباد میں 469، بلوچستان میں 193، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 258 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

مزیدخبریں