وقفے وقفے سے فاقے کرنا امراضِ قلب یا کینسر کا باعث بن سکتا ہے؟

Feb 27, 2023 | 15:10:PM
وقفے وقفے سے فاقے کرنا امراضِ قلب یا کینسر کا باعث بن سکتا ہے؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) امریکا میں ہونے والی نئی تحقیق کے مطابق وقفے وقفے سے فاقے کرنا (انٹرمٹنٹ فاسٹنگ) دل کے امراض یا کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔

امریکا کی ریاست نیویارک میں ماؤنٹ سینیائی کے محققین نے چوہوں پر کی جانے والی تحقیق سے اخذ کیا ہے کہ ناشتہ چھوڑنے سے جسم میں وائٹ بلڈ سیلز کی تعداد میں 90 فی صد  تک  کی بڑی کمی آ جاتی ہے۔ واضح رہے کہ وائٹ بلڈ سیل جسم میں بیماریوں سے لڑنے، سوزش پر قابو پانے اور جسم سے خراب نقصان دہ خلیوں کو باہر نکالنے میں مدد دیتے ہیں۔ 

تحقیق کی سربراہی کرنے والے نیویارک سٹی ہاسپٹل کے امیونولوجسٹ ڈاکٹر فلپ سورسکی کا  کہنا تھا کہ مدافعتی خلیے یعنی وائٹ بلڈ سیلزامراضِ قلب اور  کینسر جیسی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بہت اہم کردار ادا  کرتے ہیں۔ اس لیے ان کی فعالیت اور اہمیت کو سمجھنا ہمارے لیے  بہت اہم ہے۔ 

ریسرچ ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ تحقیق میں پہلی بار بتایا گیا ہے کہ کھانا چھوڑنا دماغی  تناؤ کا سبب بھی بنتا ہے جو مدافعتی خلیوں پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: میتھی کے وہ فوائد جو آپ نہیں جانتے

اس تحقیق سے پہلے کی جانے والی کچھ تحقیقی مطالعوں میں یہ دعویٰ کیا جا چکا ہے کہ غیر مسلسل فاقے ممکنہ طور پر عمر میں اضافے سے تعلق رکھتے ہیں۔ جبکہ حال ہی میں کی جانے والی اس تحقیق میں نتائج اس کے برعکس سامنے آئے ہیں۔

خٰیال رہے کہ انٹرمٹنٹ فاسٹنگ ڈائٹ پروگرام میں انسان اپنی کیلوریز کی کھپت کو چند گھنٹوں، دنوں یا ہفتوں تک محدود کر دیتا ہے تا کہ کھانے کی عادت پر قابو پایا جا سکے اور وزن کو بھی کم کیا جا سکے۔