پرائم منسٹر یوتھ پروگرام میں والی بال ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز مکمل

Mar 26, 2023 | 10:49:AM
پرائم منسٹر یوتھ پروگرام میں والی بال ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز مکمل
کیپشن: ملک بھرمیں والی بال کے ٹرائلز بیک وقت پانچ ریجنز میں پانچ مقامات پر منعقد کیے گئے۔ ٹرائلز میں 15 سے 25 سال کی عمر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد رضا، سپورٹس ڈیسک) پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے زیر اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان والی بال فیڈریشن نے منتخب تعلیمی جامعات کے تعاون سے 25 مقامات پر ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے والی بال ٹرائلز کامیابی سے مکمل کرلیے۔

ملک بھرمیں والی بال کے ٹرائلز بیک وقت پانچ ریجنز میں پانچ مقامات پر منعقد کیے گئے۔ ٹرائلز میں 15 سے 25 سال کی عمر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔

حکومت پاکستان نے ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے وژن کے مطابق ہائرایجوکیشن کمیشن، پاکستان کو والی بال سمیت 12 منتخب کھیلوں میں نوجوانوں کو شامل کرنے کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ مذکورہ کھیلوں میں ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، اسکواش، باکسنگ، جوڈو، ہینڈ بال، ریسلنگ، اور ویٹ لفٹنگ شامل ہیں۔

والی بال کے ٹرائلز کی کامیاب تکمیل کے بعد ان ٹرائلز میں بہترین کھلاڑیوں کی ٹیموں کے درمیان پراونشل لیگز کا انعقاد کیا جائے گا اور اس کے بعد پراونشل لیگز کے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کونیشنل لیگ میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔

نیشنل لیگ میں شرکت سے قبل کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپوں میں کوچنگ اور ٹریننگ کروائی جائے گی۔ تربیتی کیمپ ان کھلاڑیوں کی استعداد کار میں اضافہ کرے گا۔

ٹرائلز کی کامیابی سے تکمیل پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کومثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے جس میں کھیلوں میں شرکت سر فہرست ہے تاکہ پاکستان میں کھیلوں کے کلچر کو بحال کیا جاسکے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر لایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ، موجودہ حکومت نوجوانوں کو بے مثال مواقع فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور حکومت ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان کے ذریعے نوجوانوں کیلئے کئی منصوبے چلا رہی ہے جن میں پرائم منسٹر نیشنل انوویشن ایوارڈ، ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ، سپورٹس اکیڈمیز کا قیام، گرین یوتھ موومنٹ، ڈیجیٹل یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز، پرائم منسٹرز لیپ ٹاپ اسکیم اور دیگر پروجیکٹس شامل ہیں۔