الیکشن میں کارکردگی دکھائی، آئندہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم منتخب کروائیں گے، مراد علی شاہ

Feb 26, 2024 | 18:59:PM
الیکشن میں کارکردگی دکھائی، آئندہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم منتخب کروائیں گے، مراد علی شاہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عاجز جمالی) نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 2024ء کے انتخابات میں ہم نے کارکردگی دکھا دی ہے، آئندہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم منتخب کروائیں گے۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیسری بار وزیراعلیٰ منتخب ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، عوام کی خدمت میں کوئی کوتاہی نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مثبت سیاست کرے اور ہماری اصلاح کرے کیونکہ اگر تنقید نہیں ہوگی تو ہم اپنی اصلاح کیسے کریں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے لوگوں میں موجود رہتے ہیں، اس لیے پیپلز پارٹی کو کامیابی ملی ہے، سیلاب متاثرین کیلئے ہم 21 لاکھ گھر بنا کر دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ بلاول بھٹو کے دیے گئے 10 نکات پر عملدرآمد سے عوام کے مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے خدشات ہمیں بھی ہیں لیکن قانونی راستہ اپنائیں گے کیونکہ ہم اپنی کچھ سیٹوں کیلئے ملک کی سالمیت سے نہیں کھیلیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلے ملک کے استحکام کو دیکھنا ہے، ہم اس وقت آسان دور سے نہیں گزر رہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے، ہم نے اس کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مریم نواز نے وزیر اعلیٰ دفتر کا چارج سنبھال لیا

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کیلئے اپنی خدمات پیش کیں، ملک کو ایٹمی قوت بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا کردار ہے اور یہ کریڈٹ ان سے کوئی نہیں چھین سکتا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آصف زرداری اگلے ماہ صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کام نہ کیا ہوتا تو دو تہائی اکثریت نہ ملتی، ٹی وی چینلز ریٹنگ کیلئے پیپلز پارٹی کیخلاف پروگرام کرتے ہیں، میں ایک ایک فارم 45 کی ذمے داری لیتا ہوں اور ایک ایک کا حساب دینے کیلئے تیار ہوں۔

نومنتخب وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی پھر سر اٹھا رہی ہے، سندھ میں اسٹریٹ کرائم ایک بڑا مسئلہ ہے، اس صورتحال میں اسٹریٹ کرائم اور کچے کے علاقے میں بدامنی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے افسران کو پیغام دیا کہ میں کل حلف لوں گا اور 28 فروری سے صبح 9 بجے دفتر میں ہوں گا۔

اس کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔