پنجاب میں شدید دھند،حدنگاہ صفر، موٹروے بند ، فلائٹ شیڈول متاثر

Dec 26, 2020 | 09:36:AM

(24نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں  دھند  کا راج۔ کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر ہوگئی، دھند بڑھنے پر موٹر وے کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، فلائٹس اور ٹرینوں کا شیڈول ایک بار پھر متاثر ہوگیا ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں کڑاکے کی سردی جاری ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے دھند چھ جانے سے حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی۔ لاہور،ملتان،ساہیوال،اوکاڑہ،گوجرانوالہ، قصور، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور دیگر کئی علاقے شدید دھند کے لپیٹ میں ہیں۔ چونیاں، ظفر وال، صفدر آباد میں بھی حد نگاہ انتہائی کم ہے۔

دھند سے قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر حد نگاہ تیس میٹر تک رہی گئی۔ موٹر وے پولیس نے دھند میں حادثات سے بچاؤ کیلئے شہریوں کو بغیر ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کر دی۔ دھند کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا۔ لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا، پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ملک کے اکثر علاقوں میں سردی کی شدت بھی برقرار رہے گی۔
 

مزیدخبریں