بجلی چور قومی مجرم، ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری

Sep 25, 2023 | 10:20:AM
بجلی چور قومی مجرم، ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شیر باز ،زاہد اقبال) ملک میں بھرتی بجلی کی قیمتوں ،لائن لاسز  اور خسارے کے باعث نگران حکومت کی جانب ستے بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے ، چاروں صوبوں میں بجلی چوروں کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کی تحصیل اوباڑو بھر میں نا دہندگان اور غیرقانونی طورپر بجلی چلانے والے افراد کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں،متعدد ٹرانسفارمر اتار دئیے گئے ہیں ،ایس ڈی او سیپکو کا کہنا ہے کہ 
مقدمات میں مطلوب بجلی چوری کرنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں گیپکو نے آپریشن کرتے ہوئے مزید36 بجلی چور پکڑ لیے ہیں،ملزمان کو ساڑھے 18 لاکھ سے زائد کے جرمانے کیے گئے ہیں جبکہ  پکڑے جانے والے بجلی چوروں کی کل تعداد 973 ہو گئی،ریجن کے 973 بجلی چوروں کو ساڑھے 8 کروڑ کے جرمانے بھی کئے گئے ہیں۔

گیپکو چیف کا کہنا ہے کہ 7ستمبر سے لیکر اب تک گیپکو سرویلنس ٹیموں کے چھاپوں کے نتیجہ میں ریجن کے 973 بجلی چوروں کو ساڑھے 8 کروڑ کے جرمانے کئے گئے، 45 زمیندار,8 انڈسٹریل ، 33کمرشل اور 887 گھریلو صارفین ڈائریکٹ بجلی چوری کرتے قابو آ گئے، تمام ملزمان کے کنکشنز منقطع کر کے ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں،بجلی چور اور بجلی کے واجبات ادا نہ کرنے والے دونوں ہی ملکی معیشت کیلئے دیمک کی طرح ہیں ان دونوں کا بوجھ بھی دوسرے صارفین کو اُٹھانا پڑتا ہے، قومی مجرموں کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
 گیپکو چیف کا مزید کہنا تھا کہ ذمہ دار شہری اپنے واجبات بروقت ادا کریں اور بجلی چوروں کے خلاف جہاد میں گیپکو کا ساتھ دیں،شہری ارد گرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں،بجلی چوری کے خاتمہ سے ہی معزز صارفین کو بجلی کی سستی، معیاری اورمسلسل فراہمی ممکن ہے۔

دوسری طرف مردان میں بجلی کے 11 ارب روپے سے زائد نقصانات کا انکشاف ہوا ہے، سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے انکشاف کیا ہے کہ مردان میں 34 ارب روپے کی بجلی دی جاتی ہے، 23 ارب وصول ہوتے ہیں لیکن بجلی کے سالانہ نقصانات 11 ارب روپے سے زائد ہیں،وفاقی سیکرٹری برائے پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ مردان کے مقابلے میں سوات میں بجلی چوری کے نقصانات 2 ارب روپے ہیں۔

راشد لنگڑیال کا کہنا تھا کہ آئیسکو ریجن میں بجلی چوری پر مزید 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ریجن میں مجموعی طور پر ایک ہزار سے زیادہ بجلی چور پکڑے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کا اہم شاہراؤں پر داخلہ بند

 انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں میں ساڑھے 6 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے بھی کیے جا چکے ہیں،حیسکو ریجن میں اب تک بجلی چوروں سے 1 ارب 62 کروڑ روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان حیسکو کے مطابق نادہندگان کے خلاف 3 سو 15 مقدمات درج کرکے 31 افراد کو گرفتارکیا جا چکا ہے،ادھر سکھر ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان سے اب تک 1 ارب 2 کروڑ کی وصولی کی جا چکی ہے جبکہ 4 سو 42 بجلی چور گرفتار کیے گئے ہیں۔