جمعے سے لانگ مارچ شروع ہوگا،عمران خان نے بڑا اعلان کردیا  

Oct 25, 2022 | 21:05:PM
جمعے , لانگ مارچ, شروع ,عمران خان, تحریک انصاف,فضل الرحمان,مریم نواز
کیپشن: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جمعے سے لانگ مارچ شروع کرنےکا اعلان کردیا، لبرٹی چوک لاہور سے لانگ مارچ شروع کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق  ایوان وزیراعلیٰ پنجاب میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  میں نے فیصلہ کیا ہےکہ جمعےکو لانگ مارچ کر رہا ہوں،بھرپور تیاری کے ساتھ لانگ مارچ میں شریک ہونگے ،لبرٹی چوک  سے ہمارا لانگ مارچ شروع ہوگا، ہمارا لانگ مارچ جمعےکی صبح 11 بجے شروع ہوگا، ہم جی ٹی روڈ سے عوام کو ساتھ لیتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے،فضل الرحمان نے ہمارے خلاف 2 مارچ کیے، بلاول نے بھی ایک مارچ کیا، مریم نواز  نے بھی ایک لانگ مارچ کیا جو گوجر خان میں ہی رہ گیا تھا، اس وقت توکسی کو خیال نہیں آیا کہ ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں۔

 تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے غیر ذمہ دار کہا گیا،کہا گیا کہ ملک مشکل میں ہے، کہا گیا کہ آپ مشکل وقت میں لانگ مارچ کر رہے ہیں، مجھے اقتدار ملا تھا تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، ہمیں جب پاکستان ملا تو ملک کا سب سے بڑا بحران جاری تھا، گرتے ہوئے روپے کو بچانےکے  لیےکوئی ریزرو نہیں تھے،  معاشی بحران تھا اوپر سے کورونا کا بحران بھی آگیا، کورونا سے نکل کر 17 سال بعد ملک کی سب سے بہتر گروتھ ریٹ تھی، ہم نے کسانوں کی مدد کی اور بہترین فصلیں ہوئیں، ہماری آئی ٹی کی ایکسپورٹ 3 گنا بڑھ گئی تھیں، ہمارے بلین ٹری سونامی منصوبے کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا، ہمارے ہیلتھ کارڈ جیسا منصوبہ امیر ملک بھی نہیں کر سکتے تھے،ہمارے کام بولتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نےلانگ مارچ پہلے شروع کر دینا تھا، مئی کو ہمارے پر امن احتجاج پر تشددکیا گیا، 25 مئی کو صرف ملک کی خاطر لانگ مارچ کال آف کیا، سندھ ہاؤس میں لوگوں کو خرید کر ہماری حکومت گرائی گئی، جولائی کے ضمنی الیکشن جیتنےکے بعد میرے اوپر مقدمات کی بارش کر دی گئی،  میرے اوپر 20 سے زائد ایف آئی آرز کاٹ دی گئی ہیں۔

کینیا میں قتل ہونے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف ایک محب وطن پاکستانی تھا، ساری صحافی برادری جانتی ہے ارشد شریف اپنے ملک کے لیےکھڑا ہوتا تھا، سب جانتے ہیں کہ اس کے گھر میں دو شہادتیں ہوئی ہیں، میں نے دو بار  ارشد کو کہا کہ  وہ ملک چھوڑ  کر چلا جائے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا کنٹینر لاہور پہنچا دیا گیا ہے،عمران خان کنٹینر پر لانگ مارچ کی قیادت کرینگے۔