قائد اعظم کا 147واں یومِ ولادت: پاک فضائیہ کا خراج عقیدت، مختصر ویڈیو جاری

Dec 25, 2023 | 11:21:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 147 واں یومِ پیدائش پر پاک فضائیہ کی جانب سے خراج عقیدت  کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے مختصر ویڈیو جاری کر دی۔

ویڈیو میں اس امر کو اجاگر کیا گیا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مظلوم مسلمانوں میں امید کی کرن روشن کی۔ اُنہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کو ایک قوم کی صورت میں متحد کر کے ان کے لئے ایک علیحدہ و آزاد وطن حاصل کیا۔ 

ترجمان پاک فضائیہ  کا کہنا ہے کہ قائداعظم کی انتھک کاوشوں کا ہی ثمر ہے کہ ہم آج ایک آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں۔ قائداعظم نے جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں پر مبنی ریاست کا تصور دیا اور بنیاد رکھی۔

ترجمان پاک فضائیہ کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم نے پاک فضائیہ کو نظم و ضبط اور خود انحصاری کے ذریعے SECOND TO NONE بننے کا پائیدار وژن بھی دیا۔ قائد کا نظریہ، وژن اور ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے رہنما اصول عظیم قوم بننے کے سفر میں مشعل راہ ہیں۔

دوسری جانب دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا، قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

مزار قائد پر پاکستان ملٹری اکیڈمی (کاکول) کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چودھری تھے۔

مزید پڑھیں:  پنجاب بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، وزیراعلی محسن نقوی

تقریب کے دوران بانی پاکستان کو قوم کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چودھری نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔

بعدازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر اور گورنر کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی، صدر مملکت نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔=