وفاقی حکومت کا نوجوانوں کے لیے بڑا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )پاکستانی نوجوان جو ملک کی 68 فیصد آبادی پر مشتمل ہیں کاروبار شروع کر کے اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکیں اور بوجھ بننے کی بجائے خود مختار بن سکیں۔ اس کے لیے موجودہ حکومت نے ایک بار پھر سے یوتھ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ خواجہ نے کراچی چیمبر آف کامرس میں منعقدہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر مشاورتی سیشن سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ حکومت نے 2013 میں شروع کیے گئے متعدد اقدامات کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام، اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام، لیپ ٹاپ اسکیم، انٹرن شپ واسکالرشپ پروگرام اور یوتھ فنانسنگ اسکیم شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے دستیاب فنانسنگ اسکیم 5لاکھ روپے تک کے سود سے پاک اور بغیر کسی ضمانت قرضے کی سہولت فراہم کرتی ہے جبکہ اس رقم سے زائد اور 15لاکھ روپے تک کے قرضے بھی 5 فیصد شرح سود پر دیے جا رہے ہیں، نوجوانوں کے امور کی وزارت کی طرف سے شروع کیے گئے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت سالانہ کم از کم ایک لاکھ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس سلسلے میں مطلوبہ فنڈز کے حصول کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہم اپنے تربیتی پروگراموں کے لیے مختلف اداروں سے ایکریڈیشن حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ہمارے تربیت یافتہ نوجوانوں کی اسناد بین الاقوامی سطح پر قابل قبول ہوں جو بہت اہم ہے۔
انھوں نے وزارت برائے امور نوجوانان اور کراچی چیمبر کے درمیان ایک مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے کے سی سی آئی سے نامزدگی طلب کی تاکہ اس کمیٹی کو جلد از جلد فعال کیا جاسکے جس سے سب کے لیے جیت کی صورتحال پیدا ہو جائے۔ اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس نے بھی خطاب کیا۔