شدیددھند اور سردی کی شدت میں اضافہ ،محکمہ موسمیات نےبارش کی پیشگوئی کر دی

Jan 23, 2024 | 10:07:AM
شدیددھند اور سردی کی شدت میں اضافہ ،محکمہ موسمیات نےبارش کی پیشگوئی کر دی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، آج بھی جڑواں شہروں میں صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائی رہی،پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علا قوں میں دھندچھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدت برقراررہنے کی پیشگوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے جنوری کے آخری ہفتے میں بارش کی پیشگوئی کردی,محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہےکہ سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی کاسلسلہ جاری رہے گا، جنوری کے آخری ہفتے میں بادل برسیں گے،جس کے بعد سردی کی شدت اور دھند میں کمی کا امکان ہے۔

 مری، گلیات اور گر دو نواح میں موسم سرد رہے گا، بہا ولپور،ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، جہلم، منگلا، فیصل آباد، جھنگ میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے،سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غا زی خان، جیکب آباد، حیدرآباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو میں بھی دھند کا راج رہے گا۔

لاہور میں سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،ہوا میں نمی کا تناسب 90فیصد ریکارڈ کیاگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں  آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں،فضائی آلودگی کی شرح میں کمی ،ائیرکوالٹی انڈیکس 183ریکارڈ کیا گیا،لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا۔
ڈی ایچ اے فیز8میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 246 ریکارڈ کی گئی،پولو گراؤنڈ کینٹ میں219،خانہ سلیم فرہنگ میں شرح 119ریکارڈ کیا گیا،آئندہ ہفتے دھند میں مزید شدت آئے گی۔

دسمبر کے بعد جنوری بھی ختم ہونےکوہےلیکن خشک سردی کا اسپیل ختم نہ ہوا،جس کے باعث بیماریوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔