مشہور موٹیویشنل سپیکر کا شادی کے ایک روز بعد ہی بیوی پر تشدد، ویڈیو وائرل

Dec 23, 2023 | 13:46:PM
معروف بھارتی موٹیویشنل سپیکر ڈاکٹر وویک بندرا کی شادی کے فوراً بعد اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) معروف بھارتی موٹیویشنل سپیکر ڈاکٹر وویک بندرا کی شادی کے فوراً بعد اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے معروف موٹیوشنل سپیکر وویک بندرا کی سوشل میڈیا پر ایک خاتون پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی جس کے بعد یہ حقیقت سامنے آئی کہ وہ خاتون کوئی اور نہیں بلکہ ان کی اپنی بیوی یانیکا تھی اور انہوں نے شادی کے فوراً بعد ہی اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے پر وویک بندرا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق بندرا کی بیوی کے بھائی ویبھو کواترا نے اپنے بہنوئی کے خلاف مقدمہ درج کرایا جن کا یہ دعویٰ ہے کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان یہ واقعہ نوئیڈا کے سیکٹر 94 میں واقع سپرنووا ویسٹ ریزیڈنسی میں پیش آیا جہاں یہ جوڑا رہتا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ فیملی میں معمولی لڑائی کے بعد تنازعے نے ایک پریشان کن موڑ اختیار کیا، تشدد کے باعث یانیکا کے جسم پر مبینہ طور پر گہرے زخم بھی آئے ہیں جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

وویک اور یانیکا کی شادی 6 دسمبر کو ہوئی تھی جبکہ وویک کے خلاف نوئیڈا سیکٹر 126 پولیس اسٹیشن میں دفعہ 323، 504، 427 اور 325 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

وویک کے خلاف درج ایف آئی آر میں ان کی بیوی کے بھائی کی جانب سے کہا گیا کہ ’’ وویک کا اپنی ماں کے ساتھ جھگڑا چل رہا تھا، جب میری بہن یانیکا نے اس معاملے میں مداخلت کی تو میرے بہنوئی نے اسے کمرے میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں اس کے پورے جسم پر زخم آئے ‘‘۔

ایف آئی آر کے مطابق ’’زخموں کی وجہ سے یانیکا ٹھیک سے سن بھی نہیں پا رہی ہیں، وویک نے ان کا موبائل بھی توڑ دیا، وہ فی الحال دہلی کے کیلاش دیپک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

مزید پڑھیں:  سائفر ایک بہت بڑا ڈرامہ تھا،سیاسی مقاصدکیلئے کاغذ جلسےمیں لہرایا گیا: شرجیل میمن

خیال رہے کہ بڑا بزنس پرائیویٹ لمیٹڈ ( بی بی پی ایل ) کے سی ای او اور یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ایک مشہور شخصیت وویک بندرا اس سے قبل مبینہ ایک فراڈ کے کیس میں بھی زیر تفتیش رہے، ان پر ایک اور ممتاز ہندوستانی موٹیویشنل اسپیکر اور یوٹیوبر سندیپ مہیشوری نے دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا، تاہم وویک نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر وویک بندرا کا یوٹیوب چینل انٹرپرینیورشپ اور لیڈرشپ ڈیولپمنٹ کے لحاظ سے سب سے زیادہ سبسکرائب کیے جانے والے چینلز میں سے ایک ہے جس کے ناظرین کی تعداد 1.8 بلین سے زیادہ ہے اور ان موضوعات پر ان کی متعدد کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں۔