نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس سیاسی انجینئرنگ تھا،عدالت :احسن اقبال الزام سے بری

Sep 21, 2022 | 15:25:PM
 نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس سیاسی انجینئرنگ تھا،عدالت :احسن اقبال الزام سے بری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس خارج کردیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ نے سیاسی انجنیئرنگ پر فیصلہ جاری کیا  تھا ،کیا یہ سیاسی انجینئرنگ کا بہترین کیس نہیں؟ 

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے مزید لکھا کہ شہریوں کی بھلائی کیلئے پر اجیکٹ کو روکا گیا ۔یہ عدالت نیب آرڈیننسز کا سہارا نہیں لے گی،پچھلے قانون کے تحت یہ قانون کیسے رہ سکتا ہے؟ اگر نیب نے کسی کے خلاف غلط کیس بنایا تو اسکے پاس کونسا فورم موجود ہے؟  نیب کا اختیار کرپشن کی حد تک ہے، اس کیس میں کرپشن کہاں ہے؟  بہت سے فیصلے غلط بھی ہو سکتے ہیں بہت نقصان بھی ہوتا ہے لیکن وہ کرپشن نہیں ہوتی۔

چیف جسٹس نے فیصلے میں مزید ریمارکس دئیے کہ  نیب غلط کیسز بناتا ہے پھر جب وہ غلط ثابت ہو جاتے ہیں تو آپ کے پاس کچھ ہوتا نہیں،  تفتیشی کو سی ڈی ڈبلیو پی کا پتہ نہیں اور اسکے تیس ممبرز کے فیصلے پر سوال اٹھا رہے ہیں،  نیب کو اتنا وقت اسی لئے دیا کہ کرپشن کا کوئی ذرا برابر ثبوت تو لے کر آئیں، احسن اقبال کو نیب نے اتنا عرصہ جیل میں رکھا، ساکھ متاثر کی، کرپشن کہاں ہے؟  اس عدالت نے مفتاح اسماعیل کی ضمانت کے آرڈر میں لکھا کہ تفتیش کا کتنا برا حال ہے۔

عمران خان ذہنی توازن کھو بیٹھا :احسن اقبال 

احسن اقبال نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب تسلیم کرگیا کہ ریفرنس میں کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں،گزشتہ کئی سالوں سے ایک شخص ملک میں خور ڈاکو جی فلم چلارہاہے ،مسلم لیگ ن کے مقدمات کو جواز بنوایا ،مجھ پر چور چور کے نعرے لگوائے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے جلسوں میں نعرے لگائے،عمران خان نے جھوٹے بہتان الزامات لگائے ،عمران خان ذہنی توازن کھو بیٹھا ،اپنی جماعت عوام اور ووٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،میڈیا کے ان ساتھیوں کا شکر گزار ہوں جنھوں نے ساتھ دیا ،میڈیا نے کیس کے حقائق پر بتایا کہ ریفرنس بے بنیاد ہے ،عمران خان ہمیں جیل میں دیکھ کر خوش ہوتا ،عمران خان کی حرکتیں ہمارے حوصلے نہیں توڑ سکا ،عمران خان کے جھوٹے مقدمات سے ڈرنے والے نہیں،آج ملک جن مشکلات کا شکار ہے اسکا ذمہ دار عمران خان ہے ،نارووال سپورٹس کمپلیکس کو جلد شروع کریں گے۔