عمران خان کو 5 سال کیلئے نااہل کیا گیا ہے: وفاقی وزیر قانون

Oct 21, 2022 | 15:31:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ قوم کو مبارک ،پاکستان ایک فتنے سے آزاد ہوگیا ۔وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم تارڑ نے کہا ہے کہ جتھوں کے ساتھ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن پر چڑھائی کی ،ان کے جتھوں کو روکا جائے گا،الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیا ہے۔

عمران خان نے غلط حقائق الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے، الیکشن کمیشن نے بڑی احتیاط برتی ہے ورنہ ان کے خلاف ایک اور کارروائی ہوسکتی تھی۔عمران خان کے ساتھی کہہ رہے ہیں بڑی نا انصافی ہوگئی ہے، ناانصافی اس صورت ہوتی ہے جب قانون کسی چیز کا احاطہ نہ کرے۔عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت پانچ سال کے لیے نااہل قرار دیا ہے اور ان پر فوجداری مقدمے کا کہا گیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کا پہلا سرٹیفائڈ جھوٹا اور سند یافتہ چور جو چوری کے نا قابل تردید ثبوتوں کے ساتھ نااہل ہوا۔ہ جتنی بڑی چوری ہے اس کی سزا صرف نااہلی پر ختم نہیں ہونی چاہیئے، اس کو گرفتار کر کے قانون کے سامنے پیش کرنا چاہیئے اور لوٹا پیسہ واپس لینا چاہیئے۔

ضرور پڑھیں : توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نااہل قرار

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے۔الیکشن کمیشن بینچ نے فیصلہ دیا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے، عمران خان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دی جاتی ہے۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔