(24 نیوز)جسٹس سردار طارق مسعود کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت،کونسل نے 23 سوالات اور شکایت کنندہ آمنہ ملک کے جوابات پبلک کردیئے۔
کونسل کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ ایڈووکیٹ اظہر صدیق کو جانتی ہیں،آمنہ ملک نے جواب دیا جی میں جانتی ہوں،آمنہ ملک سے سوال کیا گیا کہ آپ ایڈووکیٹ اظہر صدیق کو کس حیثیت سے جانتی ہیں، شکایت کنندہ جواب دیا کہ ایڈووکیٹ اظہر صدیق کو پریکٹسنگ وکیل کے طور پر جانتی ہوں،کونسل نے سوال اٹھایا کہ کیا آپ کے شوہر اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے جونیئر ایسوسی ایٹ ہیں؟آمنہ ملک نے جواب دیا جی بالکل۔
کونسل کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ نے یا آپ کے شوہر نے دائر شکایت ایڈووکیٹ اظہر صدیق کو دی؟آمنہ ملک نے جواب دیا کہ مجھے اس بارے میں معلوم نہیں،آمنہ ملک سے پوچھا کہ جسٹس سردار طارق مسعود کیخلاف شکایت کس نے ڈرافٹ کی؟خاتون نے جواب دیا کہ جسٹس سردار طارق کیخلاف شکایت میری ٹیم نے تیار کی،کونسل نے سوال کیا کہ ٹیم سے آپ کی کیا مراد ہے؟آمنہ ملک نے کونسل کے اس سوال کا کوئی جواب نہ دیا۔
شکایت کنندہ سے سوال کیا گیا کہ جسٹس سردار طارق کے جواب سے آپ مطمئن ہیں،اس پر خاتون نے کہاکہ جسٹس طارق مسعود کے جواب سے مکمل طور پر مطمئن ہوں،جسٹس طارق مسعود نے جواب کیساتھ تمام متعلقہ دستاویزات لف کئے،کونسل نے سوال کیا کہ آپ نے شکایت کیساتھ ایف بی آر کے آرڈر کی کاپی کہاں سے حاصل کی؟شکایت کنندہ نے سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا ،خاتون سے سوال ہوا کہ کیا آپ اور آپ کے شوہر ٹیکس ادا کرتے ہیں؟آمنہ ملک نے جواب دیا کہ نہیں، میں اور میرے شوہر ٹیکس ادا نہیں کرتے،آمنہ ملک سے سوال کیا گیا کہ بطور صدر سول سوسائٹی نیٹ ورک کچھ بتائیں، کیا یہ سوسائٹی رجسٹرڈ ہے؟خاتون نے جواب دیا کہ جی ہاں،کونسل نے سوال کیا کس قانون کے تحت آپ کی سول سوسائٹی رجسٹرڈ ہے؟شکایت کنندہ نے جواب دیا کہ مجھے نہیں معلوم،خاتون سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کے پاس کوئی ایسی دستاویز ہے جس سے یہ ثابت ہو سوسائٹی رجسٹرڈ ہے؟آمنہ ملک نے جواب دیا کہ میرے پاس دستاویزات ہونی چاہئیں لیکن اس وقت نہیں ہیں،کونسل نے سوال کیا کہ کیا آپ جسٹس طارق مسعود سے کوئی سوال پوچھنا چاہیں گی؟آمنہ ملک نے کہاکہ میں ان کے جواب سے مطمئن ہوں، کوئی سوال نہیں پوچھنا چاہتی،کونسل نے سوال کیا کہ کیا آپ کی سوسائٹی کا کوئی بینک اکاﺅنٹ ہے؟شکایت کنندہ نے کہاکہ نہیں،کونسل نے سوال کیا کہ کیا آپ کی سوسائٹی فنڈ اکٹھے کرتی ہے؟آمنہ ملک نے جواب دیا کہ نہیں۔
شکایت کنندہ سے پوچھا گیا کہ کیا آپ کا یا آپ کے شوہر کا ٹوئٹر/ ایکس اکاﺅنٹ ہے؟آمنہ ملک نے جواب دیا کہ میرا کوئی اکاﺅنٹ نہیں ، شوہر کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کا علم نہیں،جسٹس طارق نے کہاکہ میرا جواب دیکھیں جس میں ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی ٹوئٹ لف ہے، جسٹس طارق مسعود نے سوال کیا کہ بتائیں اظہر صدیق کو آپ کی شکایت کا کیسے پتہ چلا؟آمنہ ملک نے کہاکہ اس سوال کا جواب ایڈووکیٹ اظہر صدیق ہی دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرنیوالوں کیلئے بری خبر