’25 لاکھ دے کر غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک نوکری کے جھانسے میں نہ آئیں‘

اس سے کم رقم دے کر قانونی طریقے سے بیرون ملک نوکری پر جاسکتے ہیں جس کیلئے سرکار سے منظور شدہ ایجنٹس اور ادارے موجود ہیں،ترجمان پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کی 24 نیوز سے گفتگو

Jun 20, 2023 | 16:26:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اشرف خان) پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن نے انسانی اسمگلنگ اور غیرقانونی طریقوں سے ملک چھوڑ کے جانے کیخلاف شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالےسے پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان عدنان پراچہ نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونان کے قریب حادثے کا شکار ہونیوالی کشتی میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر انتہائی دکھ اور تشویش ہے، عوام سے اپیل ہے کہ گورنمنٹ سے منظور شدہ لائسنس کے بغیر لوگوں کو  پیسے لے کر بیرون ممالک  بھیجنے والے فراڈ ایجنٹس سے بچیں۔

عدنان پراچہ نے کہا کہ پچیس لاکھ دے کر غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک نوکری کے جھانسے میں نہ آئیں، اس سے کم رقم دے کر قانونی طریقے سے بیرون ملک نوکری پر جاسکتے ہیں جس کیلئے سرکار سے منظور شدہ ایجنٹس اور ادارے موجود ہیں۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے نے نہ صرف ہمیں گہرا دکھ پہنچایا ہے بلکہ غیرقانونی نقل مکانی اور انسانی اسمگلنگ کے جرم سے جڑے نیٹ ورک سے متعلق سنگین خطرات کی نشاندہی بھی کی ہے-

عدنان پراچہ نے کہا کہ پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن  مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ موجود ہے، یہ ہماری ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کو ایسے عناصر سے بچنے کیلئے ضروری آگاہی فراہم کریں-

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے افراد سے اپیل ہے کہ پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ممبران سے بیرون ممالک جانے کیلئے رابطہ کیا جاسکتا ہے جہاں یہ لوگ شہریوں کو مکمل قانونی طریقے سے بیرون ملک روزگار اور سفر کے حوالے سے خدمات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن 35 برس سے عوام میں شعور، آگاہی اور تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

اس حوالے سے تمام معلومات بیورو آف امیگریشن کی آفیشل ویب سائیٹ www.beoe.gov.pk اور پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کی آفیشل ویب سائیٹ https://poepa.com.pk/ سے ملازمت اور licensed OEP کی مصدقہ معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔