لاہور۔۔انار کلی میں دھماکہ۔۔3 افراد جاں بحق۔۔متعدد زخمی

Jan 20, 2022 | 14:52:PM
لاہور ،نئی انارکلی ، سلنڈر دھماکے ، 12 افراد زخمی، تشویشناک 
کیپشن:  سلنڈر دھماکا(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے قدیم تجارتی مرکز انارکلی بازار سے ملحقہ پان منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں بچے سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 27زخمی ہو گئے جن میں سے5کی حالت تشویشناک ہے ،دھماکہ کے بعد آگ لگ گئی جس کی زد میں آکر 6موٹر سائیکلیں جل گئیں۔
 دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، دھماکے کے بعد افرا تفری پھیل گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کےلئے بھاگ کھڑے ہوئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ ،پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیںجنہوں نے فوری امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کر لی ، ڈپٹی کمشنر لاہور ، ڈی آئی جی آپریشنز سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے او رامدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد ، کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اور ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ نے میو ہسپتال کا دورہ کر کے زخمیوں کی عیادت کی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قدیم تجارتی مرکز انار کلی سے ملحقہ پان منڈی کے قریب زور دار دھماکہ ہوا جس سے ہر طرف افرا تفری پھیل گئی ۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے ساتھ ہی آگ بھڑی اٹھی جس سے 6موٹر سائیکلیں بھی اس کی لپیٹ میں آگئیں ۔

 دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے کی شدت سے انار کلی بازار او ر اس کے اطراف میں واقع عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ دھماکے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ ، پولیس او ربم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں ۔ ریسکیو کی جانب سے جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے دھماکے کی جگہ او راطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے بھی دھماکے کی جگہ کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا۔ دھماکے میں بچے سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ خواتین 27زخمی ہوئے جن میں سے 5زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔جاں بحق ہونے والوں میں 9سالہ ابصار،31سالہ رمضان اور 18سالہ یاسر شامل ہیں۔ بم دھماکے کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر لاہو ر عمر شیر چٹھہ ، ڈی آئی جی آپریشنز عابد خان سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچے او رامدادی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے ۔ نجی ٹی وی نے فرانزک ماہرین کے حوالے سے کہا ہے کہ دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا ۔صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد، کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان ، ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ اور ڈئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان نے میو ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انار کلی میں دھماکے کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ صوبے کا امن و امان خراب کرنے والے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور انار کلی دھماکے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں سمیت تمام ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پنجاب پولیس افسوس ناک واقعہ میں شہید ہونے والے شہریوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں انصاف کی جلد از جلد فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ انار کلی دھماکے کی تمام پہلو¶ں سے تفتیش کی جائے اورسیف سٹی کیمروں کی فوٹیجز، جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سمیت تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جلد از جلد مجرمان تک پہنچا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے سیف سٹی اتھارٹی قربان لائنز میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ دوران اجلاس آئی جی پنجاب نے انارکلی دھماکے کی تمام فوٹیجز کا جائزہ لیا، اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹیز اتھارٹی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے آئی جی پنجاب کو ابتدائی تحقیقات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں لاہور پولیس، سی ٹی ڈی، سیف سٹی اتھارٹی،سپیشل برانچ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے افسروں نے بھی شرکت کی۔مزید برآں آئی جی پنجاب را¶ سردار علی خان نے انار کلی دھماکے کے پیش نظر صوبہ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو اہم تنصیبات اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ عوامی مقامات پر ڈولفن، پیرو سمیت دیگر پیٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بین الصوبائی اور بین الاضلاع چیک پوسٹوں پر چیکنگ کا عمل مزید موثر بنایا جائے اور تمام اضلاع میں سرچ، سوئپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی کہ انار کلی واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات جلد مکمل کرکے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کا سکولوں پر حملہ۔۔ایک دن میں کتنے کیسز رپورٹ؟