فارن فنڈنگ کیس اٹھانے پر اپوزیشن کا شکریہ،ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے : وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعظم کا کہنا ہے کہ فارن فنڈ نگ کیس کی اوپن سماعت ہونی چاہئے،تمام پارٹی سربراہوں کو بٹھا کر کیس سننا چاہئے،اپوزیشن کو چیلنج کرتا ہوں کہ فارن فنڈ نگ کیس کی سماعت کو ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے وزیرستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس اٹھانے پر اپوزیشن کا شکر گزار ہوں، یہ سب سامنا آنا چاہیئے کہ تحریک انصاف اور اپوزیشن جماعتوں کی فنڈنگ کہاں سے ہوتی رہی،چیلنج کرتا ہوں فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے، فارن فنڈنگ کیس میں پارٹی سربراہوں کو بٹھا کر کیس سننا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ساری دنیا میں سیاسی جماعتیں فنڈنگ کرتی ہیں، اپوزیشن جماعتیں بتائیں انہوں نے پیسہ کہاں سے اکھٹا کیا، اوورسیز پاکستان فارن فنڈنگ نہیں ہیں، ساری قوم کو پتا چلے گا کہ کس نے اس ملک میں ٹھیک طریقے سے پیسہ اکھٹا کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی فنڈ ریزنگ صرف تحریک انصاف نے کی،ان جماعتوں کو معلوم ہے اور مجھے بھی پتا ہے فارن فنڈنگ کونسی ہے، کئی ملک ان جماعتوں کو پیسے دیتے رہے، ان ممالک سے تعلقات کی وجہ میں بتا نہیں سکتا۔اوورسیز پاکستانیوں کے بھیجے گئے ترسیلات زر سے ملک چلتا ہے، شوکت خانم کی فنڈنگ سمندر پار پاکستانیوں سے کی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ فضل الرحمان مدارس کے بچوں کو استعمال کر کے حکومتوں کو بلیک میل کرتا ہے، ان کی اربوں روپے کی جائداد کہاں سے آئی، مولانا فضل الرحمان این آر او کے لیے بلیک میل کر رہے ہیں، یہ ہماری عوام کی سیاسی سوچ کو نہیں سمجھتے، ہمارے عوام سمجھدار ہیں وہ کسی کی چوری بچانے کے لئے نہیں نکلیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا وانا میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا دشمن پوری کوشش کررہا ہے کہ پاکستان میں انتشار پھیلے،بلوچستان اور وزیرستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کئی لوگوں نے کوشش کی کہ قبائلی علاقے ضم نہ ہوں،وقت ثابت کرے گا کہ یہ فیصلہ قبائلی علاقوں کے لوگوں کیلئے بہتر فیصلہ تھا۔
عمران خان نے کہا آج سے وزیرستان میں 3جی اور 4جی سروس کھول دی جائے گی،یہاں کے ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 7لاکھ روپے تک کا علاج کرایا جاسکتا ہے۔احساس پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو پیسے دیئے جائیں گے۔
عمران خان نے مزید کہایہاں ووٹ لینےکےلئےنہیں آیا۔وزیرستان کے لوگوں نے انگریزوں کیخلاف زیادہ جنگ لڑی تھی۔ تعلیم کے بعد روزگار بڑا چیلنج ہے،ہماری سب سے بڑی قوت ہمارا نوجوان ہے،آئندہ سال یہاں کے نوجوانوں کو اور زیادہ قرضے دیئے جائیں گے۔جنوبی وزیرستان میں اسکول، کالج، یونیورسٹی بنائیں گے،وزیراعظم نے کہا 30 سال پہلےوانا آیاتھا,اس علاقےاورلوگوں کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے.کوشش ہے کہ پیچھے رہ جانیوالے لوگوں اور علاقوں کو آگے لے کر آئیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں وزیرستان زیتون کی کاشت کیلئے بہترین علاقہ ہے،پاکستان کو اس وقت گھی اور آئل باہر سے منگوانا پڑتا ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس علاقے کو اوپر اٹھایا جائے۔