(24 نیوز) سعودی عرب نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ لبنان کیلئے سفری ہدایات کی پابندی کریں اور ملک میں موجود افراد وہاں سے فوری طور پر نکل جائیں۔
لبنان میں سعودی سفارت خانے نے کہا کہ وہ جنوبی لبنان میں ہونے والی پیش رفت کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے اور ’تمام شہریوں سے سفری پابندی پر عمل کرنے اور لبنان میں موجود افراد کیلئے فوراً لبنانی سرزمین چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا ہے‘۔
گذشتہ ہفتے اسرائیل پر حماس کے حملوں کے بعد لبنان کے اندر موجود فلسطینی گروہوں کی طرف سے راکٹ اور میزائل حملوں کے بعد سرحد پار سے گولہ باری کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے اہداف کیخلاف اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تھی۔ گروپ کے مطابق حزب اللہ نے جوابی کارروائی کی ہے اور اس کے کم از کم دس عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل حماس تنازع، پاکستان کی جانب سے طبی سامان، خیمے اور کمبل غزہ روانہ
کئی دوسرے ممالک نے حالیہ دنوں میں لبنان جانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے سفری ہدایات جاری کی ہیں۔ امریکہ نے منگل کے روز امریکی شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ وہاں کا سفر نہ کریں اور محکمۂ خارجہ نے ملک میں ’سیکیورٹی کی غیرمتوقع صورتحال‘ کی وجہ سے غیرہنگامی سرکاری اہلکاروں کی روانگی کی اجازت دے دی۔