الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

Jan 19, 2024 | 16:58:PM
الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان)الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 میں سکیورٹی اہلکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار کسی امیدوار، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا سے بحث نہیں کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہےکہ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کیلئے الگ ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ، ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی پر مامور اہلکار انتخابات کے پر امن انعقاد میں کمیشن کی معاونت کریں گے، تمام پولنگ سٹیشنز کے باہر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے،بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ کارپوریشنز کی سیکیورٹی کیلئے اہلکار تعینات کیے جائیں گے، بیلٹ پیپرز کی ریٹرننگ افسران تک ترسیل پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے، ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی سیکیورٹی کی نگرانی میں ہو گی۔ 
 الیکشن  کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ انتخابی مواد کی ترسیل، پولنگ، گنتی اور نتائج مرتب ہونے تک سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے،پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن میں قیام امن کی ذمہ داری پریزائڈنگ افسر کی سربراہی میں سیکیورٹی اہلکاروں کی ہو گی ،سیکیورٹی اہلکار انتخابی عمل کے دوران غیر جانبدار رہیں گے، سیکیورٹی اہلکار کسی جماعت یا امیدوار کے حق یا مخالفت میں کام نہیں کرے گا،سیکیورٹی اہلکار کسی ووٹر سے اس کی شناخت کا ثبوت نہیں مانگے گا۔
جاری ضابطہ اخلاق کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کسی ووٹر کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا، سیکیورٹی اہلکار کسی صورت پولنگ عملہ کے فرائض انجام نہیں دے سکتا، کوئی سیکیورٹی اہلکار انتخابی مواد کو اپنی تحویل میں نہیں لے سکتا، پریزائڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر اہلکار کسی شخص کو پولنگ اسٹیشن سے گرفتار نہیں کر سکتا، اہلکار کسی بھی واقعہ پر پریزائڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر کارروائی نہیں کر سکتا، سیکیورٹی اہلکار کسی امیدوار، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا سے بحث نہیں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : 100 سے زائد شادیاں کرنے والی پاکستانی حسینہ مادھوری گرفتار