سلیم یوسف سربراہ کرکٹ کمیٹی،محمد وسیم  چیف سلیکٹر پی سی بی مقرر

Dec 19, 2020 | 12:15:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد وسیم کو  سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین اور سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ،دونوں عہدیداران کی تقرری تین سال کے لئے کی گئی ہے ،نئے چیف سلیکٹر اور سربراہ کرکٹ کمیٹی ورلڈکپ 2023  تک  عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ 43 سالہ محمد وسیم فی الحال ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی کوچنگ کررہے ہیں، وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج قائد اعظم ٹرافی کے بعد سنبھالیں گے۔محمد وسیم کے چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا چارج سنبھالنے کے بعد ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے نئے کوچ کی تقرری کردی جائے گی۔پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی تشکیل میں کوئی تبدیلی نہیں کی، تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے ہیڈ کوچز ہی سلیکشن پینل میں شامل رہیں گے۔ 

نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے جنوری کے وسط میں قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کرنا ہے۔پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سال 2021 میں پہلا اجلاس بھی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل کراچی میں ہوگا۔

سلیم یوسف نے آخری مرتبہ بطور رکن سلیکشن کمیٹی پی سی بی کے ساتھ کام کیا تھا، وہ 2013 سے 15 تک قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہے اور  اب کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گے۔ ان کے پینل میں وسیم اکرم ، عمر گل ،علی نقوی  اور  عروج ممتاز شامل ہیں۔واضح رہے کہ چیف سلیکٹر کا عہدہ مصباح الحق کے ایک عہدہ چھوڑنے سے خالی تھا جب کہ چیئرمین کمیٹی کا عہدہ اقبال قاسم کے عہدہ چھوڑنے سے خالی تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو اہم خالی عہدوں پر تقرریوں کا اعلان کر دیا ہے۔