مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کانفرنس کا آغاز

Mar 18, 2024 | 09:53:AM
مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کانفرنس کا آغاز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سعودی عرب  میں فرقہ واریت کے خاتمے کے حوالے سے دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیا بھر سے شریک علمائے کرام نے شرکت کی۔

مکہ مکرمہ میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے فرمان سے منعقدہ عالمی کانفرنس میں پوری دنیا سے علمائے کرام کی بڑی تعداد موجود تھی ،پاکستان سے مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر علمائے کرام شریک تھے۔

کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عیسیٰ کا کہنا تھا کہ وہ سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو امت مسلمہ کی وحدت کیلئے کوشاں ہیں، ڈاکٹر محمد عیسیٰ نے زور دیا کہ اسلامی باہمی بھائی چارے اور یگانگت کا عملی درس دیتا ہے اور اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں حکم دیتے ہیں کہ تفرقے سے بچو اس لئے ہمیں اللہ اور رسول کریمؐ کے حکم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تفرقہ بازی سے اجتناب کرتے ہوئے وحدت اور اتحاد کو فروغ دیا جائے تاکہ ہم دین اسلام کی بہتر انداز سے خدمت کر سکیں۔

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت کی بدولت اسلام کی کمزوری ظاہر ہوتی ہے جس سے اسلام کے دشمن فاہدہ اٹھاتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ہم اللہ اور رسولؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر آگے بڑھیں اور فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر سے دور رہیں اور آپسی اختلافات کو دور کرکے امت مسلمہ کی خدمت کا فریضہ انجام دیں، اسلام بہتر اخلاق کو اہمیت دیتا ہے اور اخلاقیات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فرقہ وارانہ اختلافات کو دور کیا جاسکتا ہے اور اسلام کی اصل روح کے مطابق مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں کہ تصور سے ہمکنار ہوسکتے ہیں

جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت ایک ایسا ناسور ہے جس سے لوگوں میں اختلافات کے علاوہ تصادم بھی پایا جاتا ہے، تمام مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ اسلام کی روح سے ایک جسم کی مانند ہوجائیں تاکہ وہ ایک طاقت کے طور پر دنیا بھر میں جانے اور پہچانے جائیں اور ہم نے ہمیشہ پاکستان میں فرقہ وارانہ سرگرمیوں کی نفی کی ہے اور ہمیشہ اس بات کی اہمیت پر زور دیا ہے کہ فرقہ وارانہ سرگرمیوں سے باز رہا جائے اور مسلمانوں کے درمیان باہمی بھائی چارے کی فضا قائم ہو اور ہم خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ہمیشہ مسلمانوں کے اتحاد کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔

 علمائے کرام کا کہنا تھا کہ اسلام کو فرقہ واریت سے نجات دلانے کی ضرورت ہے تاکہ امت مسلمہ یکجان ہوکر ایک ساتھ آگے بڑھے اور کامیاب ہو۔