۔۔ اور مریم نواز کو نیب کا پھر بلاوا آگیا !!!

Mar 18, 2021 | 12:15:PM
۔۔ اور مریم نواز کو نیب کا پھر بلاوا آگیا !!!
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)قومی احتساب بیورو نے لیگی نائب صدر مریم نواز کیخلاف تحقیقات مزید تیز کردیں۔ نیب نے لیگی رہنما کو جاتی امرا اراضی اسکینڈل میں بھی 26 مارچ کو طلبی کا نوٹس  جاری کردیا جو مریم نواز کو موصول ہوگیا ہے۔

ترجمان  نیب لاہور  کے مطابق مریم نواز  کو جاتی امراء میں 1500 کنال اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کی تحقیقات میں طلب کیا گیا ہے۔نیب ترجمان کے مطابق مریم نواز پر الزام ہے کہ 2013 میں شریف فیملی نے کم و بیش ساڑھے 3 ہزار کنال اراضی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے حاصل کی، 2015 میں اس وقت کے ڈی سی او نورالامین مینگل اور ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ و دیگر کی مبینہ ملی بھگت سے لاہور کا ماسٹر پلان ہی تبدیل کروا دیا گیا۔ شریف فیملی کی انتظامیہ سے آپس کی ملی بھگت سے جاتی امراء میں ہزاروں کنال اراضی کو گرین لینڈ ایریا ڈکلیئر کروایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چودھری شوگر ملز کیس میں بھی  نیب نے لیگی نائب صدر  مریم نواز کو 26 مارچ بروز جمعہ تفتیش کے لئے نیب آفس لاہور طلب  کررکھا ہے۔  ذرائع کے مطابق نیب لاہور کو مریم نواز کیس میں نئے شواہد موصول ہوئے ہیں جن کی روشنی  میں مریم نواز سے تحقیقات کرنی ہیں۔ واضح رہے کہ چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز پر اربوں روپے مالیت کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔مریم نواز اس سے قبل 11 اگست 2020 کو نیب لاہور میں پیش ہوئیں تھی۔ 

 یاد رہے لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اپریل تک جواب طلب کیا ہے۔نیب وکیل نے موقف اپنایا مریم نواز اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، لیگی رہنما کو ضمانت کے بعد تفتیش کیلئے طلب کیا گیا، مریم نواز نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئیں، لیگی رہما نے پیش ہونے کے بجائے نیب آفس پر پتھراؤ کرایا، نیب نے پتھراؤ کے معاملے پر مقدمہ بھی درج کرایا۔