صدر عارف علوی اسمبلی تحلیل کرنے میں رکاوٹ بن سکتے ہیں؟ رانا ثناءاللہ کا بیان آگیا

Jul 18, 2023 | 21:48:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، تکنیکی شواہد اور وقت طلب معاملات ہیں ان پر تفتیش ہورہی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں 24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کوئی این آر او نہیں ملے گا، میرٹ پر 9 مئی کے واقعات کی تفتیش ہورہی ہے جو کوئی بھی ملوث ہوگا اس پر ہر صورت قانونی کارروائی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے ملوث کرداروں کیخلاف فوجی عدالتوں میں کیسز چلیں گے۔

اسمبلیوں کے تحلیل ہونے کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ہو چکا ہے اسمبلیاں اپنی مدت مکمل کرکے تحلیل ہوں گی، وہ 13 کو ہوں یا 11 کو ہوں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

کیا صدر عارف علوی اسمبلی تحلیل کرنے میں رکاوٹ بن سکتے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے صدر مملکت سمری نہیں روک سکتے۔

یہ بھی پڑھیے: 8 اگست کو قومی اسمبلی کی تحلیل پر ن لیگ،پیپلزپارٹی متفق ہوگئیں

ان کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کے تحت صوبوں اور اضلاع میں سیٹوں کی تعداد تبدیل ہوگی اور اس کیلئے آئینی ترمیم لازمی ہے جس کیلئے ابھی پارلیمنٹ تیار نہیں، اگر نئی مردم شماری نوٹیفائی کر بھی دی جاتی ہے تو نئے حلقے نہیں بنیں گے، اس لیے الیکشن تو ہوگا اور انہی ووٹر لسٹوں پر ہوگا جو اپڈیٹڈ ہیں۔

رانا ثناءاللہ نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اگر ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے کوئی ووٹ درج نہیں ہیں تو وہ اب بھی اپنے ووٹوں کا اندراج کروا سکتے ہیں۔

افغان حکومت کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہا کہ افغانستان حکومت کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اُن کا معاہدہ پاکستان سے ہو یا امریکہ سے ہو، اصل بات یہ ہے کہ ان کی زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

میاں نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ قائد نواز شریف صاحب کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کریں گے پرانے سب ریکارڈ توڑ دیں گے۔