صحافی اطہر متین کا قتل؛ قاتلوں کا سراغ مل گیا

Feb 18, 2022 | 16:29:PM
نارتھ ناظم آباد میں اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں صحافی اطہر متین کے قتل میں اہم پیش رفت
کیپشن: صحافی اطہر متین قتل؛ فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)نارتھ ناظم آباد میں اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں صحافی اطہر متین کے قتل میں اہم پیش رفت،پولیس کو قاتل اسٹریٹ کرمنلز کا سراغ مل گیا ۔ عینی شاہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے قاتلوں کی شناخت ہوئی۔

ناظم آباد  کراچی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران  نجی ٹی وی  چینل کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین کو قتل کردیا گیا تھا۔قاتلوں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں روانہ ہوگئی ۔ عینی شاہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے قاتلوں کی شناخت ہوئی۔جلد قاتلوں کی گرفتاری کا امکان ہے ۔

ناظم آباد صحافی کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج 24 نیوز کو موصول ہوئی، فوٹیج میں دو ملزمان کو شہری سے لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا گیا، ملزم شہری سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ ایک کار سوار شہری نے ملزموں کو ٹکر ماری جس سے وہ  زمین پر گرے اسی دوران ایک اور گاڑی نے ملزمان کو ٹکر ماری۔

دوسری جانب پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میں سینیئر صحافی اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈکیتی کی واردات کے دوران اطہر متین کا بہیمانہ قتل باعثِ صدمہ ہے۔امید ہے واقعے میں ملوث ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

حکومتِ سندھ کسی کو بھی کراچی کا امن امان خراب کرنے نہیں دے گی۔ حکومت صحافیوں سمیت ہر شہری کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید صحافی کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھی صحافی اطہر متین کے ڈکیتی کے دوران قتل کی مذمت کرتے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔شیری رحمان کا کہناتھا کہ پیپلز پارٹی اطہر متین کے سوگوار خاندان سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے،  چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واقعہ کا نوٹس لے کر ملوث افراد کے خلاف کاروائی کا حکم دیا ہے، اطہر متین کے قتل میں ملوث لوگوں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی جانب سے بھی کراچی میں صحافی اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت کی گئی۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کراچی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران صحافی اطہر متین کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے،  صحافی اطہر متین کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹھڑے میں لایا جائے، دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

مزیدپڑھیں:ڈکیتی مزاحمت پر سماء ٹی وی کے سنئیر پروڈیوسر اطہر متین قتل