کسان تحریک ،پنجاب کے وزیراعلیٰ نے مودی کو سنگین نتائج سے آگاہ کردیا

Feb 18, 2021 | 20:18:PM
کسان تحریک ،پنجاب کے وزیراعلیٰ نے مودی کو سنگین نتائج سے آگاہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)  زرعی قوانین کا نفاذ مودی سرکار کیلئے درد سر بن گئی، حکومتی عہدیداران نے وزیر اعظم مودی کو بھی حالات کی سنگینی سے آگاہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے گزشتہ روز راجدھانی چنڈی گڑھ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں جاکر کسانوں سے ملاقات کی اور ان سے مذاکرات کئے۔
کسانوں کے دھرنے کے مقام کا دورہ کرنے کے بعد امریندر سنگھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا اور اپنے دورے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مودی حکومت سے تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کی اپیل کی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مودی حکومت کو متنبہ کیا کہ کسانوں کی تحریک کو ہلکا نہ لیں۔ انہوں نے لکھا کہ تمام عمر کے افراد ان کسان مخالف قوانین کے خلاف پورے ہندوستان میں احتجاج کررہے ہیں۔
آج شام پنجاب کی راجدھانی چنڈی گڑھ کے مٹکا چوک پر کچھ شہریوں کے ساتھ میں اس میں شامل ہوا، ان کا کہنا تھا کہ میں دوبارہ مرکز سے درخواست کرتا ہوں کہ حکومت اس احتجاج کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور میں حکومت سے ان قوانین کو منسوخ کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ پنجاب میں کسان کئی ماہ سے تین زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکال رہے ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں ریاست کے ہزاروں کسانوں نے دہلی تک مارچ کیا تھا۔
ملک بھر کے کسانوں کی چالیس تنظیموں پر مشتمل تحریک میں کسان مرکزی حکومت سے تینوں نئے قوانین کو واپس لینے اور ایم ایس پی کو قانونی طور پر لاگو کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔