(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف منی لانڈرنگ کے حوالے سے تحقیقات میں ایف آئی اے کی ٹیم کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے منی لانڈرنگ سے متعلق کوٹ لکھپت جیل میں شہبازشریف سے تحقیقات کیں،ذرائع کاکہنا ہے کہ شہبازشریف نے ایف آئی اے کی ٹیم کو تسلی بخش جواب نہ دیئے ،اپوزیشن لیڈر سے بیرون ملک جائیداداورآف شور کمپنیوں سے متعلق سوالات کئے گئے، ٹیم نے رمضان شوگر ملز ملازمین کے اکاﺅنٹ کی ٹرانزیکشن سے متعلق بھی سوال کیا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ شہباز شریف نے عملے کی اکاﺅنٹس میں ٹرانزیکشنز سے لاعلمی کااظہارکیا،شہبازشریف نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ کمپنی کے اکاﺅنٹس کی دیکھ بھال اکاﺅنٹنٹ کاکام ہے،بیرون ملک جائیدادوں کا تمام ریکارڈ گوشواروں میں موجود ہے۔
گزشتہ دنوں ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے تحقیقات کے حوالے سے جیل وزٹ کےلئے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھا تھا جس کے بعد ٹیم نے 17 دسمبر کو حمزہ شہباز سے جیل میں تحقیقات بھی کی تھیں۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت 10 افراد پر فرد جرم عائد کی تھی، جس کے بعد 8 دسمبر کو احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیا تھا۔
منی لانڈرنگ تحقیقات، شہباز شریف ایف آئی اے کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے
Dec 18, 2020 | 20:37:PM