لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے،عدالت نے24 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی،عمران خان نے عدالت کے روبرو کہاکہ مسئلہ یہ ہے کہ اتنے زیادہ مقدمات ہو گئے ہیں سمجھ نہیں آرہا کہاں پیش ہونا ہے،میرے گھر پر جو حملہ کیا گیا وہ بتا نہیں سکتا،چیزیں میرے ہاتھ سے نکل چکی تھیں، عدالت کا شکرگزارہوں۔
عدالت نے کہاکہ خان صاحب آپ سسٹم کے ساتھ چلیں تو بہت سے مسائل حل ہوں گے ،عمران خان نے کہاکہ میرے خلاف 94 مقدمات درج ہو گئے ہیں،ان کو کہیں6 مقدمات اور کردیں سنچری پوری ہو جائے گی،یہ نان کرکٹر کی سنچری ہوگی۔
عمران خان نے کہا کہ آپ نے بچا لیا آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،مجھ پر قاتلانہ حملہ کیاگیا،عمران خان نے کہاکہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں، میں نے ساری زندگی قانون کی پیروی کی، عدالت سے استدعا ہے کہ کچہری والا کیس کہیں اور منتقل کر دیاجائے۔
وکیل عمران خان نے عدالت سے استدعا کی 15 روز کی حفاظتی ضمانت دی جائے، عدالت نے عمران خان کی 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی، اسلام آباد میں دہشتگردی دفعات کے تحت5 مقدمات میں عمران خان کی24 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظورکرلی گئی،لاہور میں دہشتگردی دفعات کے تحت3 مقدمات میں 27مارچ تک حفاظتی ضمانت منظورکی گئی،ظل شاہ کیس میں عدالت نے 27 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی ،عدالت نے مجموعی طور پر تمام 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کی ،اسلام آباد کے 5 اور لاہور کے 4 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کی گئی ۔
عدالت نے عمران خان کیخلاف پنجاب بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات منگل تک طلب کرلیں اور تادیبی کارروائی روک دی۔