کراچی: موٹرسائیکل سواروں  کی فائرنگ۔پی ٹی آئی کے رہنما  اہلیہ سمیت زخمی

Jun 17, 2021 | 09:42:AM
کراچی: موٹرسائیکل سواروں  کی فائرنگ۔پی ٹی آئی کے رہنما  اہلیہ سمیت زخمی
کیپشن: فوٹو(فائل)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)شہرقائد کے علاقے گلشن معمار افغان بستی کے قریب فائرنگ سے  تحریک انصاف لیبر ونگ منگھوپیر کے صدر اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم تین موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔ملزموں نے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عیسیٰ خان پر گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے وہ اہلیہ سمیت زخمی ہو گئے۔دونوں زخمیوں کو  ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ زخمیوں کا ابتدائی بیان لیا گیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ واردات میں بڑا اسلحہ استعمال کیا گیا  تاہم زخمیوں کا حتمی بیان بعد میں لیا جائے گا۔پولیس کا بتانا ہےکہ عیسیٰ خان کے ہاتھ اور ٹانگ میں گولی لگی جبکہ ان کی اہلیہ بختاور کے سر میں گولی لگی،  فائرنگ کے وقت خاتون کی گود میں بچہ بھی تھا جو محفوظ رہا۔

ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کہا کہ فائرنگ سے عیسی خان کے بازو پر 2 گولیاں لگیں اور ان کی اہلیہ کے سرپر گولی لگی جس سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔راجہ اظہرکا کہنا تھا کہ ملزم دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انہوں نے کلاشنگوف سے 6 فائر کئے۔ واردات کے بعد ملزم بآسانی فرار ہو گئے۔

دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی رابستان خان  کا کہنا ہے کہ گلشن معمار کو جرائم پیشہ عناصر کے سپرد کردیا گیا ہے ،پولیس وارداتوں کو روکنے میں ناکام ہو چکی۔ پولیس کرمنل کی سرپرستی کررہی  ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: بجٹ میں نظر انداز کئے جانے کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج۔اہم شاہراہیں بند۔ٹریفک جام