پرویز الہٰی اڈیالہ جیل سے پھر گرفتار،ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور

Sep 16, 2023 | 15:13:PM
پرویز الہٰی اڈیالہ جیل سے پھر گرفتار،ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )اینٹی کرپشن سیل نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  پرویز الہیٰ کو اڈیالہ جیل سے پھر حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے وکیل سردار عبدالرازق نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن کا کوئی مقدمہ درج کیا گیا ہے، لاہور میں درج مقدمہ میں اُن کو راہداری ریمانڈ کیلئے پیش کیا جا رہا ہے، اسلام آباد پولیس انہیں راہداری ریمانڈ کے لیے جوڈیشل کمپلکس میں واقع ایف آئی اے کورٹ میں پیش کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الہٰی کے ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں ہوئے تھے، اُن کو ابھی رہائی ملی ہی نہیں تھی کہ دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، وہ جیل میں تھے، انہیں وہاں سے مقامی عدالت لایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے گزشتہ روز جاری حکم کے تحت انہیں بری ہوجانا تھا، ان کی رہائی کو روکنے کے لیے ایک نیا مقدمہ بنا کر انہیں 12ویں مرتبہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 سردار عبدالرازق نے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ کی 77 برس عمر ہے، وہ بزرگ اور دل کے مریض ہیں، 4 ماہ سے ان پر مسلسل ایک کے بعد ایک مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی جس طرح دھجیاں بکھیری جارہی ہیں اور عدالتی حکم کی بھی خلاف ورزی کی جارہی ہے اُس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ ڈٹے ہوئے ہیں، جو بھی ان کا سیاسی مؤقف ہے وہ اس پر قائم رہیں گے، وہ کسی طرح کی بھی پریس کانفرنس کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، اگر وہ پریس کانفرنس کرنے کے لیے تیار ہوتے تو شاید آج 12ویں مرتبہ انہیں گرفتار نہ کیا جاتا۔

پرویز الہیٰ کے ایک اور وکیل عامر سعید نے کہا کہ پروز الہیٰ کو اینٹی کرپشن نے ایک اور کیس میں گرفتار کر لیا ہے، اُن کی گرفتاری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الہیٰ کو صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عدالت نے پرویز الہیٰ کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے بھی روک رکھا ہے۔

دریں اثنا پرویز الہیٰ کو راہداری ریمانڈ کے لیے جوڈیشل کمپلیکس پہنچا دیا گیا، اس ،موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی اور پولیس نے میڈیا کو مرکزی گیٹ پر روک دیا۔

جوڈیشل کمپلیکس حکام یہ بتانے سے قاصر نظر آئے کہ صحافیوں کے داخلے پر پابندی کس نے اور کیوں لگائی؟ وہاں موجود پولیس حکام نے کہا کہ اوپر سے آرڈر ہے کسی کو جوڈیشل کمپلیکس کے اندر جانے کی اجازت نہیں۔

اس دوران پرویز الہیٰ کو ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں پرویز الہیٰ کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا گیا، عدالت نے پرویز الہیٰ کا طبی معائنہ کروانے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل کمپلکس میں توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمہ میں انسداد دہشتگردی عدالت نے چوہدری پرویز الہیٰ کی ضمانت 20 ہزار مچلکوں کے عوض منظور کرلی تھی، تاہم ان کی لیگل ٹیم کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع نہ کروانے کی صورت میں تاحال ان کی رہائی کا روبکار جاری نہ ہو سکا۔